Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مغربی کنارے اور جنین میں اسرائیلی فوج کی کارروائی، 8 فلسطینی مارے گئے

فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کے چھاپے میں 14 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔  (فوٹو: اے ایف پی)
فلسطین کے شہر جنین اور مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع پناہ گزیں کیمپ پر اسرائیل فوج کے چھاپے کے دوران 8 فلسطینی مارے گئے ہیں۔
فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کے چھاپے میں 14 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ 
اسرائیلی فوج کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ وہ جنین میں انسداد دہشت گردی کے لیے چھاپے مار کارروائی کر رہی ہے۔
تاہم مذکورہ کارروائیوں کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہے۔
حماس کی جانب سے اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملے کے بعد مغربی کنارے میں اب تک اسرائیلی فوج کی کارروائیوں اور آبادکاروں کے تشدد سے 173 فلسطینی مارے گئے ہیں۔
دوسری جانب عالمی تنظیم میدساں ساں فرنتیئر (ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز) کی سربراہ ازابیل ڈیفورنی نے جمعرات کو پیرس میں ہونے والی کانفرنس میں کہا ہے کہ غزہ میں کوئی محفوظ زون نہیں ہے اور غزہ میں ہونے والی اموات میں سے 30 فیصد جنوبی غزہ میں ہوئی ہیں۔
پیرس کانفرنس میں مغربی اور عرب ممالک، اقوام متحدہ اور غیر سرکاری تنظیمیں شریک ہیں۔ کانفرنس میں اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ جنگ کے دوران غزہ کی پٹی میں شہریوں کو کس طرح امداد فراہم کی جائے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں جنہوں نے جنگ میں ’انسانی ہمدردی کی بنیاد پر توقف‘ کا مطالبہ کیا ہے۔ ’چاہتے ہیں کہ کانفرنس محصور فلسطینی انکلیو کی خوراک، پانی، صحت کی فراہمی، بجلی اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے پر زور دے۔‘

شیئر: