غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتے ہیں: سعودی ولی عہد
غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتے ہیں: سعودی ولی عہد
جمعہ 10 نومبر 2023 17:41
غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی روکنا ہوگی، شہزادہ محمد بن سلمان کا سعودی، افریقی کانفرنس سے افتتاحی خطاب
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی ولی عہد نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی نیابت کرتے ہوئے جمعے کو دارالحکومت ریاض میں سعودی افریقی سربراہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب غزہ پٹی میں ہونے والی ہر خلاف ورزی کی پوری قوت سے مذمت کرتا ہے۔‘
ولی عہد مملکت نے مزید کہا کہ چار ہفتے سے زیادہ عرصے سے محصور غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی روکنا ہوگی۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے دس سالہ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرکے افریقہ کے لیے شاہ سلمان ترقیاتی پروگرام جاری کردیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ جی 20 میں افریقی تنظیم اتحاد کی مکمل رکنیت کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2030 تک افریقہ کے لیے اضافی ترقیاتی فنڈنگ کے طور پر پانچ ارب ڈالر پیش کیے جائیں گے۔
دریں اثنا سعودی ، افریقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افریقی یونین کمیشن کے سربراہ موسی فکی نے کہا کہ افریقہ اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات تعارف سے بالاتر ہیں ۔ براعظم افریقہ تمام شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ معیاری شراکت چاہتا ہے۔
جیبوتی کے صدر اسماعیل عمر جیلی نے کہا کہ سعودی عرب ترقیاتی عمل کی ہمرکابی میں قابل تقلید مثال ہے۔
ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد نے کہا کہ براعظم افریقہ متعدد شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ گہرے تعلقات کے لیے کوشاں ہے۔
زامبیا کے صدر نے کہا کہ براعظم افریقہ زرخیز اراضی، پانی اور مناسب زرعی ماحول سے مالا مال ہے۔ بین الاقوامی برادری کو غذا کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
کینیا کے صدر نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب تجدد پذیر توانائی کے وسائل میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے اس کے لیے براعظم افریقہ میں بہترین موقع ہے۔
خیال رہے غزہ میں سرکاری میڈیا دفتر نے جمعے کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل غزہ پر 32 ہزار ٹن سے زیادہ دھماکہ خیز مواد سے بمباری کرچکا ہے۔ اس نے تیرہ ہزار سے زیادہ بم استعمال کیے ہیں فی مربع کلو میٹر پر اوسطا 87 ٹن دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔
میڈیا دفتر نے کہا کہ اسرائیلی ٹینک شہر کے ہسپتالوں کے احاطے تک پہنچ چکے ہیں۔ شمالی علاقوں سے 16 لاکھ افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔ غزہ کی کل آبادی 24 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔