سعودی عرب افریقی ممالک میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا: مشترکہ اعلامیہ
سعودی عرب افریقی ممالک میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا: مشترکہ اعلامیہ
جمعہ 10 نومبر 2023 20:33
سعودی ترقیاتی فنڈ افریقی ممالک میں ترقیاتی منصوبوں کو 18.75 ارب ریال کا فنڈ دے گا(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی،افریقی سربراہ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ’اعلان ریاض‘ کے عنوان سے جاری کردیا گیا۔
کانفرنس خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی دارالحکومت میں منعقد ہوئی۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق افریقی رہنماؤں نے سعودی عرب کے ساتھ سٹراٹیجک شراکت، مشترکہ مفادات اور جغرافیائی و تاریخی و ثقافتی رشتوں کی بنیاد پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
افریقی ممالک کے قائدین نے غزہ میں انسانی المیے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے جنگ بندی اور بین الاقوامی قانون کے مطابق شہریوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تاکید کی کہ عالمی برادری غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور اسرائیلی حملے بند کرانے کے لیے دباؤ ڈالے اور انسانی تنظیموں کو غزہ کے شہریوں تک بنیادی انسانی ضروریات کا سامان پہنچانے کا موقع دیا جائے۔
افریقی قائدین نے کہا کہ سعودی عرب نے گزشتہ 50 برس کے دوران 45 ارب ڈالر سے زیادہ افرقی ممالک کے انتہائی اہم شعبوں کی ترقی پر خرچ کیے جس سے 46 افریقی ممالک کو فائدہ ہوا۔
سربراہ کانفرنس میں شریک قائدین نے صنعت و کانکنی کے شعبے میں اقتصادی تعلقات بڑھانے، تیل کے ماسوا برآمدات میں اضافے کا عزم ظاہر کیا۔
افریقی رہنماؤں نے خادم حرمین شریفین کی سرپرستی میں ہر سال منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانکنی کانفرنس میں شرکت کا خیر مقدم کیا۔
کانفرنس کے دوران سیاحت، سرمایہ کاری، مالیاتی امور، توانائی، تجدد پذیر توانائی، کانکنی، ٹرانسپورٹ، لاجسٹک خدمات، کھیتی باڑی، پانی، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے متعدد اقتصادی شعبوں میں پچاس سے زیادہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ سعودی عرب براعظم افریقہ میں تقریبا 95 ارب ریال تک سرمایہ کاری کرے گا۔
سعودی ترقیاتی فنڈ 2030 تک افریقی ممالک میں ترقیاتی منصوبوں کو 18.75 ارب ریال کے فنڈ فراہم کرے گا۔
علاوہ ازیں براعظم افریقہ کے لیے 2030 تک سعودی برآمدات کے حوالے سے 37.5 ارب ریال کی فنڈنگ بھی کرے گا۔
افریقی ممالک نے پیٹرول کی عالمی منڈیوں کے استحکام کے سلسلے میں سعودی عرب اور اوپیک پلس کے کلیدی کردار کو سراہا۔
افریقی ممالک کے قائدین نے ریاض میں ایکسپو 2030 کی میزبانی کے حوالے سے سعودی عرب کی درخواست کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے فٹبال ورلڈ کپ 2034 سعودی عرب میں منعقد کرنے کی بھی حمایت کی۔
افریقی قائدین نے تمام ثقافتی شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ انسانی روا داری اور پرامن بقائے باہم کے فروغ کو غیر معمولی اہم قرار دیا۔
افریقی قائدین نے افریقی ممالک میں غذا اور دوا کی نگرانی بڑھانے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
افریقی قائدین نے تاریخی کانفرنس منعقد کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔