مملکت کا سپرسونک طیارہ سازی میں سرمایہ کاری کا منصوبہ
سعودی عرب نے امریکی کمپنی ’بوم‘ میں سرمایہ کاری کی ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
طیارہ سازی کے امور میں ماہر ویب سائٹ ’ایوی ایشن‘ نے کہا ہے کہ سعودی عرب سپر سونک طیارہ سازی کے لیے جامع منصوبے پر کام کر رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایوی ایشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی ابھرتی ہوئی نئی کمپنی بوم میں سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ کمپنی آواز سے تیز رفتار طیارے تیار کرنے پر کام کررہی ہے۔
بوم کمپنی مشرق وسطی میں ٹریننگ ڈیولپمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر قائم کرنے جارہی ہے جس کا ہیڈکوارٹر مملکت میں ہوگا۔
آواز سے تیز رفتار طیارے تیار کرنے والی کمپنی بوم نے اس سے پہلے سپرسونک مسافر طیارے کا ماڈل پیش کیا تھا۔ امریکی کمپنی کانکارڈ طیارے کی نئی جنریشن پر کام کر رہی ہے۔
بوم کمپنی ایسا سپرسونک طیارہ تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس سے نیویارک اور لندن کا سفر 7 گھنٹے کے بجائے ساڑھے تین گھنٹے میں طے کیا جا سکے۔
بوم کمپنی میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری وژن 2030 کے تحت جدید ترین ٹیکنالوجی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے سعودی مشن کا حصہ ہے۔