Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتراکھنڈ: زیرِتعمیر سرنگ منہدم ہونے سے 36 مزدور ملبے تلے دب گئے

اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کسی مزدور کی ہلاکت نہیں ہوئی۔ (فوٹو: اے این آئی)
انڈیا کی ریاست اتراکھنڈ میں زیرِتعمیر سرنگ منہدم ہونے سے ملبے تلے 36 مزدور دب گئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اتوار کو اتراکھنڈ میں زیرِتعمیر منہدم ہونے سے ملبے تلے دبنے والے 36 مزدوروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
یہ سرنگ اتراکھنڈ کے ضلع اترکاشی میں سلکیارا اور دندل گاؤں کو آپس میں ملاتی ہے۔ اس سرنگ کو چار دھام روڈ پروجیکٹ کے سلسلے میں تعمیر کیا جا رہا ہے جس کے بعد اس سے اترکاشی اور یمنوتری دھام کے درمیان فاصلہ صرف 26 کلومیٹر رہ جائے گا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی صبح چار بجے پیش آیا جب ساڑھے چار کلومیٹر لمبی اس سرنگ کا 150 میٹر چوڑا حصہ گر گیا۔
سرنگ کے منہدم ہونے کے بعد فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا۔
سرنگ کے ملبے کے نیچے سے مزدوروں کو ہٹانے کے لیے سٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فورس (ایس ڈی آر ایف) اور پولیس کی جانب سے ریسکیو آپریشن کیے جا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اس ملبے کے نیچے 36 مزدور دبے ہوئے ہیں جن کی جان کو خطرہ ہے۔
 
اس بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ سرنگ کو کھولنے کے لیے 200 میٹر چوڑی سلیب کو ہٹانا پڑے گا، جبکہ ملبے تلے دبے ہوئے مزدوروں کو آکسیجن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بالکل باریک سا راستہ بنایا گیا ہے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کسی مزدور کی ہلاکت نہیں ہوئی۔

شیئر: