Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرگودھا: خاندان کے چار افراد کا قتل، ملزم کی سوشل میڈیا پر دھمکی

آئی جی پنجاب نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔ فوٹو: اے پی پی
سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ملزم احمد شیر نے اپنے ہی خاندان کے چار افراد کو قتل کرنے کے بعد تھانہ کوٹ مومن کی حدود مٹیلہ میں ایک اور شخص کو قتل کر دیا۔
بدھ کو آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پانچ افراد کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔
ایک ہفتہ قبل ملزم احمد شیر نے زمین کے تنازع پر اپنی خالہ 60 سالہ مقصودہ بی بی، ان کی بہو 25 سالہ عرفہ بی بی، بیٹے 30 سالہ فیصل اور اپنے چچا زاد بھائی سرفراز کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتارا تھا۔
پولیس کے مطابق قتل کی واردات کے بعد ملزمان موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر موقع سے فرار ہوگئے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سرگودھا کے قصبہ گھلا پور میں فیصل ان کی بیوی عرفہ اور والدہ مقصودہ بی بی اپنے گھر میں سوئے ہوئے تھے کہ اس دوران احمد شیر اپنے 3 ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں گھس آئے اور ان پر فائرنگ کر دی جس کے باعث دو خواتین اور ایک مرد موقع پر ہلاک ہوگئے۔
قتل کی اس واردت کے بعد ملزمان دو موٹرسائیکلوں پر وہاں سے فرار ہو کر نواحی گاﺅں مٹیلہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے ڈیرے پر موجود سرفراز نامی شخص کو بھی فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
چار افراد کو قتل کرنے کے بعد گزشتہ روز منگل کو احمد شیر نے کوٹ مومن کے رہائشی 65 سالہ اللہ یار کو فائرنگ کر کے قتل کر ڈالا۔
پولیس کے مطابق مقتول اللہ یار منگل کی صبح نماز فجر ادا کرنے مسجد جا رہے تھے کہ ملزم احمد شیر گھات لگائے بیٹھا تھا۔
ملزم نے اللہ یار کو دیکھتے ہیں فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ملزم نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں قتل کی دھمکی دی تھی۔
سرگودھا تھانہ کوٹ مومن پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے50 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
سرگودھا پولیس نے موقع پر پہنچ کر لعشوں کو اپنی تحویل میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

شیئر: