سعودی عرب کی اسرائیلی فورسز کے الشفا ہسپتال میں گھسنے کی مذمت
سعودی عرب کی اسرائیلی فورسز کے الشفا ہسپتال میں گھسنے کی مذمت
جمعرات 16 نومبر 2023 17:29
طبی عملے کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب نے غزہ کے سب سے بڑے طبی مرکز الشفا ہسپتال پر اسرائیلی فورسز کے گھس کر تلاشی لینے اور یہاں موجود اردن کے فیلڈ ہسپتال کے قریب فضائی بمباری کی مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ہے ’اسرائیل نے عام شہریوں اور طبی عملے کو واضح طور پر نشانہ بنایا جو بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون اور انٹرنیشنل کنونشنز کی صریح خلاف ورزی ہے۔‘
مملکت نےغزہ میں عام شہریوں، طبی عملے اور امدادی کارکنوں پر وحشیانہ خلاف ورزیوں اور غیر انسانی طرز عمل کے لیے اسرائیل کو جوابدہ ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے اپنے ایک الگ بیان میں اقوام متحدہ کی اس قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں غزہ کے لیے انسانی بنیادوں پر فوری امداد پہنچانے اور توسیع شدہ راہداری کا مطالبہ کیا گیا ہے، مملکت نے اسے ’صحیح سمت میں پہلا قدم‘ قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا ہے کہ انسانی بنیادوں پر جنگ میں وقفے سے امدادی سامان عام شہریوں تک پہنچ سکے گا اور غزہ پر ہونے والے حملوں میں زخمی بچوں کو بچایا جا سکے گا۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد غزہ میں فوجی کارروائیوں کو روکنے اور اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے بین الاقوامی برادری کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر آمادہ کرے گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بدھ کو اسرائیلی فورسز نے غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال میں گھس کر حماس اس گروپ کے سہولت کاروں کو تلاش کیا۔
غزہ کے الشفاء ہسپتال میں سینکڑوں مریضوں کے علاوہ بچے اور دیگر افراد کئی دن سے بجلی اور دیگر بنیادی ضروریات کے بغیر رہ رہےہیں۔
دوسری طرف اردن کی نیوز ایجنسی پیٹرا کی رپورٹ کے مطابق اردن نے بدھ کو غزہ میں اردنی فیلڈ ہسپتال کے قریب اسرائیلی فضائی بمباری کی تحقیقات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
فیلڈ ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں طبی عملے کے سات ارکان زخمی ہوئے جو زخمی فلسطینیوں کو ایمرجنسی سنٹر میں لانے کی کوشش کر رہے تھے۔
اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے اس حملے کو اسرائیلی جنگی جرائم کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات کے بعد مزید اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ہمارے بیٹیوں کے زخمی ہونے کی وجوہ کی مکمل تحقیقات کی جائے گی کہ یہ حملہ کیوں اور کیسے ہوا۔