جدہ سمیت بیشتر شہروں میں موسلادھار بارش کا انتباہ
اتوار 19 نومبر 2023 10:03
’آج موسم غیر یقینی رہنے کے باعث ہائی وے کا سفر ملتوی کردیا جائے‘ (فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ ریجن کے تمام شہروں کے علاوہ متعدد یگر ریجنوں میں موسلادھار بارش کا انتباہ جاری کردیاہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق موسمی لہر کے باعث کئی شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے جہاں امدادی اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ جدہ، جموم، بحرہ، رابغ اور طائف میں رات 11 بجے تک موسم غیر یقینی رہے گا‘۔
دریں اثنا طقس العرب کے ماہرین نے کہا ہے کہ ’جدہ سمیت جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ ریجنوں میں آج فجر کے بعد سے مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ ظہر و عصر تک موسلادھار کا امکان بڑھتا جائے گا‘۔
’یہ کیفیت مدینہ منورہ میں بھی ہوگی جہاں آج رات تک موسم غیر یقینی رہے گا جبکہ دن بھر گرج چمک رہے گی‘۔
دوسری طرف روڈ سیکیورٹی فورس نے ہائی وے کے مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
روڈ سیکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ ’آج اتوار کو موسم غیر یقینی رہنے کے باعث ہائی وے کا سفر ملتوی کردیا جائے‘۔