Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن کے شاہ عبداللہ کا عالمی برادری سے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دینے کا مطالبہ

شاہ عبداللہ نے کہا کہ یہ جنگ ایک وسیع علاقائی بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ پر اسرائیل کی ’بدنما جنگ‘ کی وجہ سے ہونے والی انسانی تباہی کو روکنے کے لیے فوری جنگ بندی پر زور دے۔
عرب نیوز کے مطابق ان کا یہ بیان غزہ میں بڑھتے ہوئے تشدد سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات پر بات چیت کے لیے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین سے ملاقات کے دوران آیا۔
شاہ عبداللہ نے زور دیا کہ عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کو شہریوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قوانین کی تعمیل کرنے اور غزہ  میں امداد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مجبور کریں۔
شاہ عبداللہ نے اسرائیل کی فوجی کارروائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ ایک وسیع علاقائی بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے جنگ کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور دو ریاستی حل کے حصول میں یورپی یونین کے کردار پر زور دیتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے سیاسی حل کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
یورپی کمیشن کی صدر نے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کا کہا اور یروشلم کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مغربی کنارے میں آباد کاروں کے تشدد کی بھی مذمت کی۔
انہوں نے غزہ میں اردن کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کی تعریف کی اور شہریوں کی مدد کرنے میں ملٹری فیلڈ ہسپتال کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔
شاہ عبداللہ کے سیاسی اقدامات کو سراہتے ہوئے، انہوں نے دو ریاستی حل کے ذریعے امن کے حصول کی اہمیت پر زور دیا۔

شیئر: