سعودی عرب کے 2 علاقوں میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں: وزیر توانائی
اتوار 19 نومبر 2023 18:36
مشرقی ریجن اور الربع الخالی صحرا سے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ مشرقی ریجن اور الربع الخالی صحرا میں قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر توانائی نے کہا کہ آرامکو نے الربع الخالی صحرا میں قدرتی گیس کی دو فیلڈز دریافت کی ہیں۔ ان میں سے ایک الحیران فیلڈ ہے۔ جس سے یومیہ 30 ملین مکعب فٹ کے اوسط سے گیس نکل رہی ہے۔ الحیران کے کنویں نمبر ایک سے 30 ملین مکعب فٹ گیس یومیہ نکل رہی ہے اور 1.6 ہزار بیرل کنڈینسیٹ نکل رہی ہے۔ اسی فیلڈ میں ’العرب جی‘ سے 3.1 ملین مکعب فٹ گیس یومیہ مل رہی ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بتایا کہ قدرتی گیس کی المحاکیک فیلڈ بھی دریافت ہوئی ہے۔ المحاکیک 2 کنویں سے یومیہ 0.85 ملین مکعب فٹ معیاری گیس نکل رہی ہے۔
وزیر توانائی نے کہا کہ پہلے سے دریافت شدہ فیلڈز میں پانچ مقامات پر قدرتی گیس دریافت ہوئی ہے۔ الربع الخالی کی فیلڈ عسیکرۃ کے الجلہ ذخائر میں قدرتی گیس ملی ہے اس سے 46 ملین مکعب فٹ گیس یومیہ کے حساب سے نکل رہی ہے۔ علاوہ ازیں حرض تحصیل کی مغربی فیلڈ شدون میں بھی قدرتی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں عنیزہ ون سے بھی قدرتی گیس کے ذخائر ملے ہیں۔ یہاں سے یومیہ 15.5 ملین مکعب فٹ گیس نکل رہی ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بتایا کہ الظہران کی جنوب مغربی فیلڈ مزالیج سے عنیزہ ب/ج سے بھی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ یہاں سے روزانہ 4.15 ہزار بیرل کنڈینسیٹ نکل رہی ہے۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ الھفوف شہر کی جنوب مغربی فیلڈ اوتاد میں القصیبا اور الوضیحی فیلڈ میں الصارۃ سے بھی قدرتی گیس کے ذخائر ملے ہیں۔ الصارۃ سے یومیہ 11.7 ملین مکعب فٹ گیس نکل رہی ہے جبکہ القصیبا سے 5.1 ملین مکعب فٹ گیس یومیہ نکل رہی ہے اس سے 57 بیرل یومیہ کنڈینسیٹ حاصل ہورہی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں