ایل پی جی ٹینکر ڈرائیوروں کی سعودائزیشن کب سے؟
اتوار 19 نومبر 2023 20:11
ایل پی جی کی نقل و حمل کے لیے سلامتی انتظامات کو سخت کیا جائے گا۔ (فوٹو المدینہ)
ہائی کمیشن فار انڈسٹریل سیکیورٹی نے ایل پی جی (مائع پیٹرولیم گیس) ٹینکرز پر سعودی ڈرائیوروں کی تقرری کا اعلان کردیا۔
المدینہ اخبار کے مطابق ہائی کمیشن فار انڈسٹریل سیکیورٹی ایل پی جی کی نقل و حمل کا نیا نظام جاری کرے گی۔ اس پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
ایل پی جی کی نقل و حمل کے دوران سلامتی انتظامات کو سخت کیا جائے گا۔
نئے طریقہ کار کے مطابق ایل پی جی ٹینکرز کے تمام ڈرائیور سعودی تعینات ہوں گے اگر فیصلے پر عمل درآمد ممکن نہ ہوسکا تو ایسی صورت میں سعودائزیشن کا چار سالہ منصوبہ نافذ کیا جائے گا۔
ہائی کمیشن فار انڈسٹریل سیکیورٹی نے توجہ دلائی ہے کہ ترجیح ہر حال میں سعودی ڈرائیوروں کو دی جائے گی۔ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو پابند بنایا جائے گا کہ نئے ڈرائیور کو تجربہ کار ڈرائیور کی نگرانی میں 30 روز تک رکھا جائے۔
ایل پی جی کے ڈرائیوروں کے حوالے سے متعدد شرائط مقرر کی گئی ہیں۔ ضروری کردیا گیا ہے کہ ایل پی جی ڈرائیور لکھنا پڑھنا جانتا ہو۔ ایسے ڈرائیور کو ترجیح دی جائے گی جو انگریزی لکھنا اور پڑھنا جانتا ہو۔ ڈرائیور کی عمر کم از کم 22 اور زیادہ سے 55 سال ہو۔ ڈرائیور کے لیے ایل پی جی کے حوالے سے تجربے کی شرط نہیں رکھی گئی ہے البتہ ہر ڈرائیور کے لیے تعلیم اور ٹریننگ کی پابندی لگائی گئی ہے۔
ایک شرط یہ رکھی گئی ہے کہ ایل پی جی ڈرائیور ایسا شخص ہو جس کے خلاف نشہ آور اشیا استعمال کرنے، سمگل کرنے یا کسی کے ساتھ لڑائی جھگڑے کے حوالے سے عدالت نے فیصلہ صادر نہ کیا ہو۔
ٹینکر کے حوالے سے بھی مختلف شرائط مقرر کی گئی ہیں ان کا خلاصہ یہ ہے کہ سلامتی کے ضوابط پورے کرنے والے ٹینکرز کو سروس میں رکھا جائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں