Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی صرف ایک لوڈنگ ٹرک رکھ سکیں گے

قانون پر عمل درآمد کےلیے 2022 کی ڈیڈ لائن ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے سعودیوں کے لیے ’ نجی لوڈنگ ٹرک‘ رکھنے کی تعداد مقرر کردی ہے۔
قانون کے مطابق کوئی بھی سعودی اب ایک سے زیادہ ٹرک اپنے نام پر نہیں رکھ سکے گا۔ 
قانون پر عمل درآمد کےلیے 2022 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
مکہ اخبار کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نقل وحمل کے لیے استعمال ہونے والے ٹرک کے مالکان کے لیے نئے ضوابط جاری کیے گئے ہیں جس کے مطابق کوئی بھی سعودی نجی ملکیت میں ایک ہی ٹرک رکھنے کا حق دار ہوگا۔

ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ 9 ٹرک رکھنے کی اجازت ہوگی۔ ( فوٹو سوشل میڈیا)

ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو جو کہ نقل وحمل کے کاروبار سے منسلک ہیں انہیں زیادہ سے زیادہ 9 ٹرک رکھنے کی اجازت ہوگی۔ 
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری نئے قواعد کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ نقل وحمل سے متعلق تمام کمپنیاں اور افراد مقررہ قواعد پر عمل کرنے کے پابند ہیں جس کےلیے 2022 تک مہلت دی گئی ہے۔
اس دوران وہ اپنے معاملات درست کرسکتے ہیں بعدازاں ان کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔ 
واضح رہے سعودی عرب میں انسداد تجارتی پردہ پوشی کی کمیٹی کی جانب سے مختلف شعبوں میں قانون سازی کی جارہی ہے تاکہ ان سعودیوں اور غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کی جائے جو تجارتی پردہ پوشی میں ملوث ہیں۔ 
یاد رہے مملکت میں غیر ملکیوں کا سعودیوں کے نام پرکاروبار کرنا خلاف قانون ہے ایسا کرنے والوں کے خلاف قید اور جرمانے کا نیا قانون مرتب کیا گیا ہے جس کے تحت 5 برس تک قید اور 50 لاکھ ریال جرمانہ کی سزا بھی مقرر کی گئی ہے۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے اس ضمن میں مختلف ضوابط مقرر کیے جارہے ہیں تاکہ تجارتی جعل سازی کے مرتکب افراد کے خلاف دائرہ کو مزید تنگ کیاجاسکے۔

شیئر: