الباحہ کے قریہ ذی عین میں سعودی تاریخی ورثے کی تقریب
الباحہ کے قریہ ذی عین میں سعودی تاریخی ورثے کی تقریب
پیر 20 نومبر 2023 19:39
تقریب کا مقصد قریے کی قدرتی اور تاریخی حیثیت کو فروغ دینا اور محفوظ کرنا ہے۔ فوٹو واس
مملکت کی ہیریٹیج اتھارٹی کی جانب سے الباحہ کے گاؤں ذی عین میں 18 سے 23 نومبر تک تاریخی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق اس تقریب کا مقصد قریے کی قدرتی، انسانی اور تاریخی حیثیت کی نمائش کرتے ہوئے ثقافتی ورثے کو فروغ دینا اور محفوظ کرنا ہے۔
ہیریٹیج اتھارٹی نے مملکت کے نوادرات سے متعارف کرانے اور ورثے کو تقویت دینے کے لیے مقامی شہریوں، غیر ملکیوں اور سیاحوں کے لیے ثقافتی تقریبات کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔
تقریب میں شامل مختلف پروگراموں میں علاقے کی مخصوص دستکاری کے ہنرمند اور کاریگر یہاں آنے والوں کو مٹی کے برتن تیار کرنے اور روایتی بُنائی جیسے ہنر سکھاتے ہیں۔
تقریب میں فوٹوگرافی کارنر بھی بنایا گیا ہے جہاں زائرین قدیم عمارت کے ساتھ روایتی انداز میں یادگار عکاسی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ آباؤ اجداد کے ورثے میں شامل قدیم روایتی کھیلوں کے بارے میں تفاصیل سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔
ہیریٹیج اتھارٹی کے زیراہتمام اس تقریب میں سعودی شناخت کو فروغ دینے اور اپنے تعلق کے احساس کو مضبوط کرنے کے علاوہ قومی بیداری اور سعودی ورثے پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔
اس تقریب کا مقصد ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنا، دستکاری اور منفرد کاریگری کے مظاہروں کے ساتھ نسل در نسل وراثت کی سماجی اقدار کا تحفظ کرنا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں