کیا سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر 3‘ باکس آفس پر ناکام ہوگئی؟
سلمان خان کی اس فلم نے اب تک باکس آفس پر مجموعی طور پر 238 کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں (فوٹو: وائی آر ایف)
بالی وُڈ کے سپرسٹار سلمان خان نے اپنی فلم ’ٹائیگر 3‘ کے ذریعے اپنے کیریئر کی سب سے بڑی اوپننگ دی۔
شوبز ویب سائٹ ’کُوئی مُوئی‘ کے مطابق ٹائیگر 3 سلمان خان کی ایک ہفتے میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے۔
اس فلم نے باکس آفس پر دھماکے دار اوپننگ کی اور تمام ناقدین سمیت تجزیہ کاروں کی امید پر پورا اتری تاہم پہلے ہفتے کے بعد ٹائیگر 3 باکس آفس پر 300 کروڑ انڈین روپے کمانے کی دوڑ میں سُستی کا شکار ہوتی جا رہی ہے۔
مذہبی تہوار لکشمی پوجن کے روز ریلیز ہونے کے باوجود ٹائیگر 3 نے اپنی ریلیز کے پہلے دن 44.50 کروڑ انڈین روپے کا کاروبار کیا اور اپنے کچھ ابتدائی دنوں میں سپاٹ بکنگز کے باعث بڑا کاروبار کرنے میں کامیاب رہی تاہم تہوار کے دن ختم ہونے کے ساتھ ساتھ اس فلم کی کمائی بھی مدھم پڑںے لگی ہے۔
اپنی ریلیز کے دسویں دن فلم نے اپنے کاروبار میں ایڈوانس بکنگز کی مد میں صرف 1.15 کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے جس کے بعد یہ کاروبار گزشتہ روز کی نسبت 24 فیصد کمی کا شکار ہوا۔
باکس آفس انڈیا کے مطابق ٹائیگر 3 کو بڑا جھٹکا اتوار کے روز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان فائنل میچ کے باعث لگا جب فلم نے انڈیا بھر سے صرف 9.75 کروڑ روپے کمائے۔
سلمان خان کی اس فلم نے اب تک باکس آفس پر مجموعی طور پر 238 کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں جس میں 231 کروڑ روپے ہندی زبان سے حاصل ہونے والی آمدن ہے۔
عمومی طور پر ہفتے کے ورکنگ ڈیز پر فلموں کے کاروبار میں مندی آتی ہے تاہم ٹائیگر 3 جیسی بڑی فلم کے باکس آفس پر ٹھنڈا پڑنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس رفتار سے ٹائیگر 3 شاید باکس آفس پر 300 کروڑ بھی نہ کمائے پائے۔
خیال رہے یش راج فلمز کے بینر تلے منیش شرما کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ کترینہ کیف مرکزی کاسٹ میں شامل ہیں جبکہ ٹائیگر 3 میں شاہ رخ خان اور ریتک روشن نے بھی کیمیو رول کیا ہے۔