Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرپشن کے الزامات، مارلن سیموئلز پر کرکٹ کھیلنے پر پابندی

مارلن سیموئلز نے 2020 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر مارلن سیموئلز پر اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے پر چھ برس کی پابندی لگا دی گئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطانق مارلن سیموئلز پر ایمیریٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر چھ برس کی پابندی لگائی گئی ہے۔
اس پابندی کا اطلاق 11 نومبر سے شروع ہوا ہے جس کے بعد مارلن سیموئلز اگلے چھ برس تک تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے سے محروم رہیں گے۔
مارلن سیموئلز کو 2021 میں چار پوائنٹس پر آئی سی سی کی جانب سے چارج کیا گیا تھا جبکہ رواں برس اگست میں انہیں اس جرم میں ملوث پایا گیا۔
سابق آل راؤںڈر پر الزامات 2019 میں کھیلی گئی ابوظبی ٹی10 لیگ کے دوران لگے جب وہ کرناٹکا ٹسکرز ٹیم کا حصہ تھے، تاہم انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلا تھا۔
آئی سی سی کے ایچ آر اور انٹریگٹی یوںٹ کے سربراہ الیکس مارشل کا کہنا ہے کہ ’سیموئلز نے گذشتہ دو دہائیوں میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی ہے جس کے دوران انہوں نے کئی مرتبہ اینٹی کرپشن سیشنز میں حصہ لیا ہے۔‘
 
انہوں ںے مزید کہا کہ ’تاہم اب وہ ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن جب اُن پر یہ اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے الزمات لگے تو وہ اُس وقت کرکٹ کا حصہ تھے۔ یہ چھ برس کی پابندی ہر اُس کھلاڑی کے لیے بڑا سبق ہوگی جو قوانین کی خلاف ورزی کی خواہش رکھتا ہے۔‘
مارلن سیموئلز 2012 اور 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر تھے۔ انہوں نے آخری مرتبہ کوئی بھی انٹرنیشنل میچ 2018 میں کھیلا تھا اور پھر 2020 میں انہوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

شیئر: