Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہت شرما مزید ٹی20 کرکٹ نہ کھیلنے کے خواہاں، راشد خان بگ بیش لیگ سے دستبردار

روہت شرما نے ٹی20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل کے بعد ابھی تک کوئی ٹی20 میچ نہیں کھیلا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما مزید ٹی20 کرکٹ کھیلنے کے خواہاں نہیں ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈیا کے کپتان روہت شرما کے مستقبل میں ٹی20 کرکٹ کھیلنے کے امکانات نہیں ہیں اور انہوں نے ون ڈے ورلڈ کپ سے پہلے بورڈ سے مختصر فارمیٹ کے بارے میں بات کی تھی۔
روہت شرما نے گزشتہ برس آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے بعد سے ابھی تک کوئی ٹی20 میچ نہیں کھیلا جس کے بعد ٹی20 کرکٹ میں انڈیا کی کپتانی ہاردک پانڈیا کرتے رہے ہیں۔
بی سی سی آئی کے ذرائع نے نام نہ بتانے کی شرط پر پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کو بتایا کہ ’یہ کوئی نئی خبر نہیں ہے۔ روہت نے ون ڈے ورلڈ کپ پر توجہ دینے کے لیے گزشتہ ایک سال میں کوئی بھی ٹی20 انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ اُن کی چیئرمین آف سلیکٹرز اجیت اگارکر سے اس بارے میں تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے رضاکارانہ طور پر خود ہی ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مکمل طور پر روہت کا فیصلہ ہے۔‘
روہت شرما انڈیا کے لیے اب تک 148 ٹی20 میچ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 140 کے سٹرائیک ریٹ سے چار سینچریوں کے ساتھ 3853 رنز بنائے ہیں۔
دوسری جانب افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان نے کمر کی انجری  کے سبب آسٹریلوی ٹی20 لیگ ’بگ بیش‘ میں کھیلنے سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔
کرک اِنفو کے مطابق راشد خان رواں سال ہونے والے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے سیزن میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی نمائندگی کمر کی تکلیف کے باعث نہیں کریں گے۔
 

 بی بی ایل میں راشد خان نے اب تک 69 میچوں میں 69 وکٹیں حاصل کی ہیں (فوٹو: گیٹی امیجز)

کمر کی تکلیف کے باعث راشد خان کو سرجری کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’راشد خان نے کمر کی تکلیف کے باعث بی بی ایل 13 میں کھیلنے سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ اس انجری کے باعث انہیں سرجری درکار ہے۔‘
راشد خان نے اکتوبر نومبر میں انڈیا میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان کی تمام 9 میچوں میں نمائندگی کی جس میں انہوں نے 11 وکٹیں حاصل کیں۔
افغانستان نے ورلڈ کپ میں 4 میچوں میں کامیابی حاصل کی جس کے بعد وہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہے تاہم آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد افغان ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
دوسری جانب راشد خان نے دسمبر 2017 میں بی بی ایل میں اپنا ڈیبیو کیا تھا جس میں انہوں نے اب تک 69 میچوں میں 17.51 کی اوسط سے 69 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

شیئر: