Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں شرمندہ ہوں،‘ ٹاس کے دوران روہت شرما سکہ دور پھینکتے ہیں؟

ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے ہرا دیا تھا (فوٹو: اے اپف پی)
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ اپنے آغاز سے قبل اور پھر آغاز کے بعد کئی تنازعات کا شکار رہا تاہم میڈیا اور سوشل میڈیا پر پہلے سیمی فائنل کے بعد ایلک نئے تنازع نے جنم لے لیا ہے جس میں انڈین ٹیم کے کپتان روہت شرما کے کوائن ٹاس کرنے کے انداز پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔
روہت شرما جب میچ سے قبل ٹاس کرتے ہیں تو سِکے کو کافی دور پھینکتے ہیں جس کے باعث کرکٹ حلقوں بالخصوص پاکستانی میڈیا پر اس بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے سابق کرکٹر سکندر بخت نے نجی ٹی وی چینل پر دورانِ تجزیہ روہت شرما کے کوائن پھینکنے کے انداز پر سوالات اٹھائے تھے۔
سکندر بخت کہتے ہیں کہ ’روہت شرما جب ٹاس کرتے ہیں تو وہ کوائن دور پھینکتے ہیں اور دوسرا کپتان کبھی نہیں دیکھتا کہ اُس کی کال صحیح تھی یا نہیں۔‘
انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان بدھ کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں روہت شرما نے ٹاس کے لیے سکہ اچھالا تو تھوڑے فاصلے پر جا گرا جسے میچ ریفری اینڈی پائیکروفٹ نے دیکھ کر بتایا کہ انڈیا ٹاس جیت گیا ہے۔
 
دوسری جانب آسٹریلوی ٹی وی چینل فاکس کرکٹ نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ذرائع سے مبینہ طور پر خبر لی ہے کہ ٹورنامنٹ میں روہت شرما کے ٹاس پھینکنے کے انداز پر کیوی ٹیم کے اندر بھی شکوک و شبہات نے جنم لیا ہے۔
روہت شرما کے کوائن پھینکنے کے انداز پر سوال ایک ٹی وی کے دوران سابق کرکٹرز وسیم اکرم، معین خان اور شعیب ملک کے سامنے بھی رکھا گیا۔
اس سوال کے جواب میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ’یہ کس نے کہا ہے کہ اُس (روہت شرما) نے کہاں سکہ پھینکنا ہے؟ وہ تو سپانسرشپ کے لیے ہے، سکہ کہیں بھی چلا جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے سوالات پر ’میں شرمندہ ہوں۔‘
اس کے علاوہ سیمی فائنل سے قبل ایک بڑے تنازعے نے اس وقت جنم لیا جب اس میچ کے لیے استعمال شدہ پِچ کا انتخاب کیا گیا۔
خیال رہے آئی سی سی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے ہرا دیا تھا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 3 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: