امامِ کعبہ کی صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات، سعودی سفیر بھی موجود
جمعرات 23 نومبر 2023 21:44
پاکستان کے دورے پر موجود امام کعبہ شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔
ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جمعرات کو ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
صدر عارف علوی نے امام کعبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوامی روابط پر مبنی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پُرامن دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے، عالمی برادری فلسطینی عوام کی تکالیف کا احساس کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔‘
ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی عرب اور ایران کے تعلقات کی بحالی کے حوالے سے سعودی قیادت کی تعریف کی اور اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور ایران کے تعلقات کی بحالی اس سے تجارت اور ترقی کو فروغ دینے کے علاوہ خطے میں امن و سلامتی کو فروغ ملے گا۔‘
انہوں نے یمن، شام اور سوڈان میں امن و استحکام کے لیے سعودی حکومت کے اقدامات کو بھی سراہا۔ صدر مملکت نے پاکستان کی معاشی مدد، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں میں تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر صالح بن عبداللہ حمید نے کہا کہ ’مسلم دنیا نے مسئلہ فلسطین پر متفقہ موقف اپنایا ہے کہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق دیے جائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فلسطین میں جاری تشدد اور مظالم کے خاتمے کے لیے مسلم دنیا کی مشترکہ کوششوں اور انسانی ہمدردی اور سفارتی مدد کی ضرورت ہے۔‘