Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں مسلمانوں کا قتل عام سیاہ ترین دور ہے، امام کعبہ کا اسلام آباد میں خطاب

امام کعبہ صالح بن عبداللہ بن حمید نے کہا کہ پاکستان مہمان نواز ملک ہے (اسلامک یونیورسٹی)
امام کعبہ صالح بن عبداللہ بن حمید نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’غزہ میں نہتے لوگوں کا قتل عام  انسانی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ’خادمین الحرمین الشریفین اور علمائے سعودی عرب کا سلام آپ کو پیش کرتا ہوں۔‘
غزہ کی صورتحال پر امام کعبہ کا کہنا تھا کہ ’غزہ میں انسانی حقوق کے نام پر مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ دین اسلام میں انسانی جان کا قتل حرام ہے۔ بین الاقوامی طاقتیں انسانی جانوں کی حرمت کا پاس رکھیں اور غزہ میں جرائم کو رکوائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’انسانی جان کی حرمت پر اسلام میں خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ شریعت اسلامی میں دین اور انسانی جان کی عقیدہ کی تفریق کے بغیر خاص  اہمیت ہے۔ رب کریم نے انسانی جان کی قسم تک اٹھائی ہے۔‘
’انسانی جان کو بلاوجہ قتل کرنے والے کے لیے جہنم کی وعید ہے۔ امید ہے کہ کانفرنس کے موضوع پر مقالات اور سکالرز کے ذریعے اہم تجاویز اور سفارشات سامنے آئیں گی۔‘
امام کعبہ نے کہا کہ صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ’ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی اور اسلامی یونیورسٹی کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی تعریف کرتا ہوں کہ اس اہم ترین موضوع پر کانفرنس کا اہتمام کیا۔‘
’اسلامی فقہ اکیڈمی اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا جاری تعاون اہم ہے۔ مسلم ممالک کے تعلیمی و تحقیقی ادارے باہمی اشتراک و تعاون پر توجہ دیں۔‘
امام کعبہ صالح بن عبداللہ بن حمید نے کہا کہ پاکستان مہمان نواز ملک ہے۔
اس موقع پر وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا کہ پورا پاکستان آپ کا دورے پر مشکور ہے۔
مدد علی سندھی نے کہا کہ نوجوان امت مسلمہ کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔
صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی  کا کہنا تھا کہ ’یہ مبارک دن ہے کہ امام کعبہ ہماری دعوت پر کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔‘
ڈاکٹر ھذال نے کہا کہ خادمین الحرمین الشریفین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ان کا تعاون جامعہ کے ساتھ جاری ہے۔

شیئر: