مکہ کی مرکزیت والا دنیا کا قدیم نقشہ 23 لاکھ ڈالر میں نیلام
یہ مبینہ طور پر بچ جانے والے ان تین نقشوں میں سے ایک ہے جن میں مکہ کو مرکزیت دی گئی ہے۔ (فوٹو: سپلائیڈ)
17ویں صدی میں ایران کی صفوی سلطنت کے دور میں بنایا گیا دنیا کا نقشہ جس میں مکہ کو مرکزیت دی گئی ہے، لندن میں بونہمس نیلام گھر کے ذریعے 23 لاکھ 30 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بونہمس کے مڈل ایسٹرن اینڈ اسلامک آرٹ کے ڈائریکٹر نیما ساغرچی نے موجودہ ’چیلنجنگ مارکیٹ‘ کو دیکھتے ہوئے، اسے نیلامی میں فروخت ہونے والی جدید ترین اسلامی کاریگری کی سب سے قیمتی اشیا میں سے ایک قرار دیا ہے۔
انہوں نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت مشرق وسطیٰ میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کے ساتھ دنیا کی توجہ خاص طور پر آرٹ کی مارکیٹ پر نہیں ہے, لیکن جب ایسا کچھ سامنے آتا ہے تو یہ اداروں کے لیے ایک موقعہ ہوتا ہے جسے وہ چھوڑ نہیں سکتے۔‘
نیما ساغرچی نے بتایا کہ اس نقشے کو خلیجی خطے کے ایک گمنام ادارے نے خریدا ہے۔
’یہ سمجھ میں آتا ہے کیونکہ یہ (نقشہ) خلیج پر مرکوز ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں سے اس کا تعلق ہے۔‘
یہ مبینہ طور پر بچ جانے والے ان تین نقشوں میں سے ایک ہے جن میں مکہ کو مرکزیت دی گئی ہے۔ ساغرچی کے مطابق یہ ’ایک طرح کی بھولی ہوئی روایت‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پوری دنیا 22 سینٹی میٹر قطر کے اندر ہے۔‘
کچھ سکوائر میں اسلامی دنیا کے شہروں کے نام درج ہیں جن میں اصفہان اور استنبول شامل ہیں۔