رفح کراسنگ سے اماراتی فیلڈ ہسپتال کی غزہ منتقلی
فیلڈ ہسپتال میں لیباریٹری، فارمیسی کی خدمات بھی مہیا ہوں گی۔ ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ رفح کراسنگ سے اماراتی فیلڈ ہسپتال کی غزہ منتقلی شروع کر دی گئی ہے.
اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق اماراتی فیلڈ ہسپتال غزہ پٹی میں فلسطینیوں کو ضروری طبی سہولتیں فراہم کرے گا۔
امارات کا طبی عملہ ہسپتال کا نگراں ہو گا اور وہ زخمیوں کو علاج کی سہولت فراہم کرے گا۔
غزہ پٹی میں اماراتی فیلڈ ہسپتال کی انتہائی گنجائش 150 بستروں سے زیادہ کی ہو گی۔ اس میں عام آپریشنز کے علاوہ ہڈیوں کے آپریشن کا انتظام ہو گا۔
بچوں اور خواتین کو علاج اور آپریشن کی سہولت کے علاوہ فیملی میڈیسن، پیٹ کے امراض، دانتوں کی بیماریوں اور ذہنی امراض کا علاج کرنے والے کلینکس ہوں گے۔
فیلڈ ہسپتال میں لیباریٹری، فارمیسی کی خدمات مہیا ہوں گی۔