رابطہ کے سیکریٹری جنرل سے جامع مسجد دہلی کے امام کی ملاقات
اتوار 26 نومبر 2023 23:37
ملاقات میں اسلامی امور کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی)
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور ایسوسی ایشن آف مسلم سکالرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی سے اتوار کو مکہ مکرمہ میں نئی دہلی کی جامع مسجد کے امام شیخ احمد بخاری نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران اسلامی امور کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نئی دہلی کی جامع مسجد کے امام نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری کے دورہ انڈیا کی ستائش کرنے ہوئے کہا کہ اس کے انڈین معاشرے میں مسلمانوں پر نمایاں اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر سیاستدانوں، مذہبی رہنماوں اور پارلیمنٹرینز کے ساتھ ان کی ملاقاتوں اور لیکچرز کا ذکر کیا۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی انڈیا سے باہر کی پہلی مسلم شخصیت ہیں جنہوں نے جامع مسجد دہلی کی چار سو سالہ تاریخ میں جمعہ کا خطبہ دیا۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے انڈیا کے دورے کے موقع پر نئی دہلی میں علما، دانشوروں اور عام مسلمانوں کو اہم پیغام دیے۔