کنگ عبدالعزیز فالکن فیسٹیول آج سے 14 دسمبر تک، 33.6 ملین ریال کے انعامات
کنگ عبدالعزیز فالکن فیسٹیول آج سے 14 دسمبر تک، 33.6 ملین ریال کے انعامات
منگل 28 نومبر 2023 5:55
’صقار المستقبل راؤنڈ‘ کے لیے 10 انعامات مختص ہیں۔ (فوٹو اخبار 24)
کنگ عبدالعزیز فالکن فیسٹیول 2023 ایڈیشن 6 آج منگل سے شروع ہوگا۔ یہ دنیا میں سب سے بڑا فالکن میلہ ہے۔ اس کا سلسلہ 14 دسمبر تک جاری رہے گا۔
اخبار 24 کے مطابق فیسٹیول ملھم میں فالکن کلب کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہو گا۔ فالکن فیسٹیول میں اس مرتبہ 33.6 ملین ریال سے زیادہ کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
کنگ عبدالعزیز فالکن فیسٹیول میں سعودی عرب کے علاوہ جی سی سی ممالک اور دنیا بھر سے فالکن کی افزائش میں دلچسپی رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں شریک ہوں گے۔
کنگ عبدالعزیز کپ کے لیے جو دنیا کا سب سے مہنگا کپ ہے اور سیف الملک راؤنڈ کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے زبردست مقابلہ ہو گا۔
فالکن فیسٹیول مقابلہ سعودیوں اور غیرملکیوں کے حوالے سے متعدد راؤنڈز پر مشتمل ہو گا۔ فائنل راؤنڈ میں تین اعزاز کے مستحق ہوں گے۔
سعودی فالکن کلب نے نئے ایڈیشن میں کچھ نیا پن لانے کی کوشش کی ہے۔ الملواح اور المزاین مقابلوں میں نئے راؤنڈز کا اضافہ کیا گیا ہے۔
فالکن فیسٹیول میں انعام یافتگان کی تعداد بھی بڑھائی گئی ہے۔
اس کے تحت الملواح مقابلے میں سعودی فارمز میں پلنے والے فالکن مقابلے کے راؤنڈ کے لیے انعامات کی تعداد بیس کردی گئی ہے۔ اس سے قبل ابتدائی پانچ پوزیشنوں کو ہی انعامات دیے جاتے تھے۔
فالکن فیسٹیول کے بین الاقوامی راؤنڈ میں بھی ایک اضافہ کیا گیا ہے۔ سیف الملک مقابلے کے دو راؤنڈز کے لیے بڑے انعامات رکھے گئے ہیں۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو پانچ لاکھ ریال جبکہ دوسرے پراڑھائی لاکھ اور تیسرے نمبر پر آنے والے کو ایک لاکھ 75 ہزار ریال دیے جائیں گے۔
کنگ عبدالعزیز فالکن فیسٹیول میں ’صقار المستقبل راؤنڈ‘ کے لیے 10 انعامات مختص کیے گئے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں