سعودی کابینہ: پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر تجارت کو تفویض
سعودی کابینہ: پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر تجارت کو تفویض
منگل 28 نومبر 2023 18:22
کابینہ نے داخلی اور بیرونی امور کے سلسلے میں 20 فیصلے کیے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کے معاملات کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات کا اختیار وزیر تجارت کو تفویض کیا ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا۔
سعودی وزیر اطلاعات و نشریات سلمان الدوسری نے ایس پی اے کو بتایا کابینہ نے داخلی اور بیرونی امور کے سلسلے میں 20 فیصلے کیے ہیں۔
کابینہ نے وزیر تجارت کو سعودی عرب میں چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کی جنرل اتھارٹی اور پاکستانی وزارت صنعت و پیداوار کے ماتحت چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کے فروغ پر مامور اتھارٹی کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت کے لیے مذاکرات کا اختیاردیا۔
کابینہ نے وزیر تجارت کو مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار بھی دیا ہے۔
کابینہ نے مشرق وسطی، یورپی ممالک اور انڈیا کے لیے اکنامک کوریڈور کے اصولوں کے بارے میں مفاہمتی یادداشت اور نیشنل سینٹر فار گورنمنٹ ریسورس سسٹمز کی تنظیم کی منظوری دی ہے۔
اجلاس میں سعودی ولی عہد سے یوکرین کے صدر کے ٹیلیفونک رابطے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔
کابینہ نے بریکس گروپ کے قائدین کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد کے خطاب کو دہرایا جس میں انہوں نے اس امر پر زور دیا تھا کہ غزہ کے خلاف فوجی کارروائی مکمل طور پر بند ، شہریوں کو تحفظ اور انہیں بنیادی انسانی ضرورت کا سامان مہیا کرایا جائے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے اس امر پر بھی زور دیا تھا کہ سعودی عرب کا یہ موقف تھا اور ہے کہ خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیرامن و استحکام نہیں ہوسکتا۔
کابینہ نے قازقستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت، بین الاقوامی ڈاک معاہدے کے اضافی پروٹوکول، بلغاریہ کے خبررساں ادارے کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت، جی سی سی ممالک میں غیر منقولہ جائیدادروں کے مالکان کے حوالے سے مشترکہ ضوابط کی منظوی بھی دی۔
کویت کے ساتھ ایٹمی سلامتی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر توانائی، خلیج عرب کے ترقیاتی فنڈ اے جی فنڈ کے ساتھ تعاون کی یادداشت کا اختیار وزیر خارجہ، معدنیات کے شعبے میں برطانیہ کے ساتھ تعاون کی یادداشت وزیر صنعت و معدنیات، بیلاروس کے ساتھ صحت کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر صحت کو دیا گیا۔
سوئٹزرلینڈ کے ساتھ سیاحتی شعبے میں مفاہمت کی یادداشت کا اختیار وزیر سیاحت، بحرین کے ساتھ مالیاتی منڈی کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کا اختیار مالیاتی منڈی کے سربراہ کو تفویض کیا گیا۔