اجلاس کے آغاز میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ گزشتہ دنوں ہونے والے مذاکرات، ملاقاتوں، رابطوں اور برادر نیز دوست ملکوں کے کئی رہنماؤں کے قائدین کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے کابینہ کو آگاہ کیا گیا۔
کابینہ نے معاہدوں اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کابینہ نے آسیان گروپ اور جی سی سی ممالک پر مشتمل ریاض سربراہ کانفرنس کے مثبت نتائج کو سراہا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ’ریاض سربراہ کانفرنس کی قراردادیں دونوں گروپوں میں شامل ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ، ترقی و خوشحالی کے مواقع کے استحکام اور فریقین کی اقوام کے مفادات کی تکمیل کا باعث بنیں گی‘۔
کابینہ نے غزہ کے حالات اور وہاں بڑھتے ہوئے تشدد پر سعودی عرب کے اس موقف کا اعادہ کیا جس کا اظہار مملکت نے عالمی برادری کے رکن ملکوں سے رابطوں میں کیا ہوا ہے۔
سعودی عروب عالمی برادری پر واضح کرچکا ہے کہ وہ کسی بھی بہانے شہریوں پر حملے کو پوری قوت سے مسترد کرتا ہے۔ عسکری حملے بند کرانے کے لیے فوری اقدام کو ضروری سمجھتا ہے اور خطے نیز دنیا بھر کے امن و استحکام پر غزہ جارجیت کے پڑنے والے منفی اثرات کے تدارک کے لیے کشیدگی ختم کرانا چاہتا ہے۔
کابینہ نے 2025 میں عالمی تنظیم سیاحت کی جنرل اسمبلی کے 26 ویں سیشن کے لیے سعودی عرب کی میزبانی کے فیصلے اورعالمی تنظیم سیاحت کی مجلس عاملہ کا دوبارہ صدر منتخب کیے جانے کو اس بات کی علامت قرار دیا کہ عالمی برادری سعودی عرب کے قائدانہ کردار کو تسلیم کررہی ہے۔
کابینہ نے مسلم ممالک میں ماحولیاتی مینجمنٹ سے متعلق کنگڈم ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد دی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ اس سے ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقیاتی مسائل، معیار زندگی کے بہتر ہونے اور حال و مستقبل کے چیلنجوں کے اچھوتے سائنسی اورعملی حل وضع کرنے میں مدد ملے گی۔
ریاض میں لاجسٹک خدمات اور سپلائی چین کانفرنس اور اس کی کارکردگی کے حوالے سے کابینہ نے کہا کہ کانفرنس کے دوران پرائیویٹ اور سرکاری سیکٹرز کے درمیان ہونے والے معاہدوں سے سپلائی چین اور لاجسٹک خدمات کی کارکردگی کے استحکام اور اس سلسلے میں سرمایہ کاری کے مواقع کا دائرہ وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔
کابینہ نے یونان کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی منظوری دی جبکہ وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی کو سینیگال کے ساتھ مفاہمتی یادداشت اور جنوبی افریقہ کے ساتھ اقتصادی تعاون کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا۔
اجلاس نے فرانس کے ساتھ بدعنوانی کے انسداد کے سلسلے میں مشترکہ عزائم کے اعلان کے مسودے اور قطر کے ساتھ انسانی سمگلنگ کے انسداد کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔
کابینہ نے الیکٹرانک لین دین کے قانون میں ترمیم کی ہے۔ اس کے تحت الیکٹرانک قوانین پر عمل درآمد کا اختیار مواصلات، خلا اور ٹیکنالوجی اتھارٹی کے بجائے ڈیجیٹل گورنمنٹ اتھارٹی کودیا گیا ہے۔
لاجسٹک خدمات اور ٹرانسپورٹ کی وزارت کو بلدیاتی کونسلوں کی خلاف ورزیوں پر سزاؤں کے لائحہ عمل کے مطابق خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کا اختیار دیا گیا۔