Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا۔ 
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق کابینہ نے سعودی عرب کی طرف سے غزہ میں فوری جنگ بندی کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ ’نہتے شہریوں، صحت اداروں اور امدادی گروپوں کے ساتھ قابض اسرائیلی افواج کے غیر انسانی، وحشیانہ سلوک اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی احتساب کا نظام موثر کیا جائے۔‘ 
سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ ’کابینہ نے 2023 سے 2027 تک یونیسکو کی مجلس انتظامیہ کا دوبارہ رکن منتخب کیے جانے کو مشترکہ جدوجہد میں سعودی عرب کے اہم کردار اور بین الاقوامی تعاون کے سٹراٹیجک اہداف کے حصول میں مملکت کی کوششوں کا اعتراف ہے۔‘ 
سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ حج و عمرہ زائرین کے لیے انتظامات کے سلسلے میں تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی۔ 
کابینہ نے مشرقی ریجن اور الربع الخالی میں گیس کے نئے ذخائر کی دریافت پر سعودی آرامکو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نئی دریافت سے توانائی کے بین  الاقوامی شعبے میں سعودی عرب کی بنیادی حیثیت مضبوط ہوگی۔ 
کابینہ نے چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لیے انڈین بینک  (ایس آئی ڈی بی آئی) کے ساتھ سعودی منشآت کے  درمیان مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ 

کابینہ نے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے  سے 16 قراردادیں منظور کیں(فوٹو، ایس پی اے)

کابینہ نے ملکی اور برادر و دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے  سے 16 قراردادیں منظور کیں۔ کابینہ نے شہروں میں  آپریشنل خدمات کا نگراں مرکز قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ 
کابینہ نے سعودی جارجیا رابطہ کونسل کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت، اوپیک بین الاقوامی ترقیاتی فنڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت، قطر کے ساتھ ثقافت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، بحرین کے ساتھ سیاحتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت، فرانس کے ساتھ دہرے ٹیکس سے بچاؤ کے معاہدے میں توسیع کی منظوریاں دیں۔ 

شیئر: