بلاول بھٹو کو آنے والے کل کا لیڈر بنانا ہے: آصف زرداری
بلاول بھٹو کو آنے والے کل کا لیڈر بنانا ہے: آصف زرداری
جمعرات 30 نومبر 2023 13:56
بلاول بھٹو نے کہا کہ اقتدار میں آ کر ملز مالکان کو سبسڈی دینے کے بجائے عوام اور کسانوں کو دیں گے۔ فائل فوٹو: پی پی پی
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو آنے والے کل کا لیڈر بنانا اور اُس کو سپورٹ کرنا ہے۔
جمعرات کو کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر عوامی جلسے سے خطاب میں سابق صدر نے کہا کہ ’میرے بیٹے نے پہلا نوجوان وزیر خارجہ بن کر ملک کا نام بلند کیا۔ آج اُس کی اپنی ایک شناخت ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہر موسم میں، ہر دور میں ہم نے بلاول کی سپورٹ کرنی ہے، اس کی ہم نے تربیت کرنی ہے اور جو ہمیں آتا ہے وہ اُس تک ہم نے پہنچانا ہے، بلاول کو ہم نے یوتھ کا، آپ کا اور آنے والے کل کا لیڈر بنانا ہے اور اُس کو ہم نے سپورٹ کرنا ہے۔‘
قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے اپنے خطاب میں کہا کہ اُن کی جماعت اقتدار میں آئی تو ’یوتھ کارڈ‘ اور ’پیپلز چارٹر آف اکانومی‘ متعارف کرائیں گے۔
جمعرات کو کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر عوامی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا اگلا وزیراعلیٰ جیالا بنے گا اور اُن کی جماعت صوبے کی قسمت بدلے گی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ نئے دور کے تقاضوں کے مطابق ملک کو چلانا ہے۔
’ملک کو نئی سوچ اور نئی طرز کی سیاست کی ضرورت ہے، پرانی طرز کی سیاست تقسیم، نفرت اور انتقام پر مبنی تھی۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’یوتھ مرکز بنائیں گے اور نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ لائیں گے، تعلیم اور روزگار میں مدد کریں گے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ پرانی سیاست کو دفن کرنا پڑے گا، اقتدار میں آ کر ملز مالکان کو سبسڈی دینے کے بجائے عوام اور کسانوں کو دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’ملک کے نوجوانوں کی نمائندگی کوئی کھلاڑی نہیں میں کروں گا۔ پیپلز پارٹی کا مخالف کوئی سیاست دان نہیں غربت، مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن اپنے ہاتھوں سے بنائیں گے۔ ’بے نظیر مزدور کارڈ بنے گا اور کسانوں کو سبسڈی دینے کے لیے بھی کارڈ بنائیں گے۔‘
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ’باقی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی عام لوگوں کی نمائندہ ہے۔ چینلز مالکان ہمیں نہیں دکھاتے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی میں امراض قلب کے بلامعاوضہ علاج کا سب سے بڑا ہسپتال بنایا۔ کوئٹہ میں بھی دل کے مفت علاج کا مرکز بنائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ سیاست کے شوباز ہیں غریبوں کے کام صرف پیپلز پارٹی کرتی ہے۔ ن لیگ کو اب مہنگائی لیگ کہا جاتا ہے۔ موسمی جمہوریت پسند نہیں، ووٹ کو عزت دیں گے۔
جلسے سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نثار کھوڑو، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، سابق گورنر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ، صوبائی صدر بلوچستان چنگیز جمالی،علی مدد جتک، صادق عمرانی اور دیگر مقامی قائدین نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر نئیر حسین بخاری، قمر زماں کائرہ، شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی، شیریں رحمان، سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، قائم علی شاہ، آغا سراج درانی اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔