Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب پاکستان کے نجی میڈیا اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں

پاکستان میں سعودی عرب کے پریس اتاشی ڈاکٹر نائف العتيبي نے کہا ہے کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ اس کے نجی میڈیا کے اداروں کا پاکستانی میڈیا کے اداروں سے تعاون مزید بڑھے۔
اردو نیوز سے بات چیت میں سعودی پریس اتاشی نے کہا کہ سعودی حکام دونوں ممالک کے نجی میڈیا کے اداروں کے مابین مزید تعاون چاہتے ہیں۔
ڈاکٹر نائف العتيبي نے بتایا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے میڈیا کے اداروں بالخصوص نجی میڈیا کے اداروں میں تعاون مزید بڑھے گا کیونکہ یہ بہت اہم ہے اور دونوں ممالک کے عوام پاکستان اور سعودی عرب کے ڈرامے اور فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ فلموں اور پروڈکشن کے تبادلے میں اضافہ ہو اور دونوں ممالک کے میڈیا کے اداروں میں ان کو نشر کیا جائے تا کہ دونوں ممالک کی ثقافت اور تاریخ کی عکاسی ایک دوسرے ملک میں ہو۔
ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ایسا تمام مواد نشر کریں جو دو برادر ممالک کے مابین تعلقات کو بڑھانے میں مددگار ہو اور اس کے ساتھ ساتھ ایسا مواد بھی نشر کریں جو سعودی ویژن 2030 اور اس سے مسلم امہ اور عرب ممالک کو پہنچنے والے فوائد کو فروغ دے۔‘
ڈاکٹر نائف العتيبي نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانی میڈیا کے اداروں اور صحافیوں کو سعودی عرب میں ہونے والی اہم تقریبات اور کانفرنسز، خاص کر حج سیزن، قومی دن کی تقریبات اور سعودی شہروں میں ہونے والی سیاسی کانفرنسوں کی کوریج کے لیے ہمیشہ دعوت دیتا ہے۔ 
انہوں نے سعودی عرب میں میڈیا کے شعبے میں ہونے والی ترقی کے بارے میں بتایا کہ اس وقت وہاں پر بہت زیادہ اور بڑے میڈیا پراجیکٹس پر کام ہو رہا ہے۔

سعودی پریس اتاشی نے کہا کہ سعودی حکام دونوں ممالک کے نجی میڈیا اداروں کے مابین مزید تعاون چاہتے ہیں۔ (فوٹو: اردو نیوز)

مثال کے طور پر ریاض میں 6000 مربع میٹر پر ایک بڑا سٹوڈیو بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک نیا بڑا ادارہ سیما بھی قائم کیا گیا ہے جس میں وژیول اور آڈیو آرکائیوز کا ایک بڑا خزانہ ہے۔ یہ انشااللہ میڈیا سیکٹر کے ڈاکیومینٹری بنانے والے لوگوں کے لیے بہت مددگار ہو گا۔‘
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں فروری 2024 میں منعقد ہونے والے بین الااقوامی سعودی میڈیا فورم کے لیے بھی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
ڈاکٹر نائف العتيبي نے بتایا کہ سعودی عرب کے مشہور ٹی وی چینل الحدث اور العربیہ کی دبئی سے ریاض منتقلی مکمل کرنے کے لیے بھی کام ہو رہا ہے۔

شیئر: