Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایجنسی کے تحت خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں میں امدادی سامان تقسیم

جنوبی غزہ میں دس لاکھ  فلسطینی  گھروں سے بے گھر ہوکر قیام پذیر ہیں۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے فلسطینی ہلال احمر کے تعاون سے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مغرب میں ایک سکول میں بے گھر افراد میں امدادی سامان تقسیم کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کی یہ امداد بحران اور مصائب میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے مملکت کے تاریخی فریم ورک کے تحت آتی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی طرف غزہ کے لیے فضائی راستے سے امدادی سامان کی ترسیل  جاری ہے جہاں اب تک 24  جہازابو عریش ایئرپورٹ پہنچ چکے ہیں جبکہ اب تک تین بحری جہازوں کے ذریعے امدادی سامان بھیجا گیا ہے۔
قبل ازیں غزہ میں فلسطینی ہلال احمر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر بشار المراد نے فلسطینیوں کی مدد کے حوالے سے سعودی عرب اور اس کے فلاحی ادارے شاہ سلمان مرکز کا شکریہ ادا کیا تھا۔ 
ڈاکٹر بشار مراد کا کہنا تھا کہ’ سعودی عرب نے غزہ کے لیے کھانے پینے کی اشیا، ادویہ، طبی لوازمات اورعارضی پناہ گاہوں کے لیے درکار سامان فراہم کیا جسے غزہ کے انتہائی متاثرہ علاقوں کے حوالے کردیا گیا‘۔
’سعودی عرب نے جو ادویہ اور طبی لوازمات بھجوائے تھے وہ غزہ پٹی کے جنوبی علاقے میں ہسپتالوں اور فلسطینی وزارت صحت کے حوالے کی گئی ہیں‘۔ 
 فلسطینی ہلال احمر کے نمائندوں نے ریاض میں شاہ سلمان مرکز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کرکے انہیں غزہ پٹی کے جنوبی علاقوں کی ضروریات سے مطلع کیا جہاں دس لاکھ  کے لگ بھگ فلسطینی  گھروں سے بے گھر ہوکر قیام پذیر ہیں۔ 

شیئر: