سعودی عرب نے کہا ہے کہ مملکت میں تجدد پذیر توانائی میں 300 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گرین سعودی انشیٹو کے بعد سے 44 ملین درخت لگائے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی عہدیداروں نے پیر کو گرین سعودی انشیٹو فورم ایڈیشن تھری کے پروگراموں کے دوران تجدد پذیر توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے اعدادوشمار پیش کیے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ مملکت نے 2022 کے بعد سے تجدد پذیر توانائی کے منصوبوں کو مربوط کرکے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے۔
2022 میں 2100 میگا واٹ سے بڑھا کر2800 میگا واٹ تک پہنچا دی ہے جو 5 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ مکانت کے لیے کافی ہے۔ بجلی کی پیداوار میں مجموعی طورپر300 فیصد اضافہ کیا۔
گرین سعودی انشیٹو فورم میں بتایا گیا کہ سعودی عرب نے پرائیویٹ اور سرکاری سیکٹرز میں 705 ارب ریال سے زیادہ لاگت کے 80 سے زیادہ انشیٹو نافذ کرکے بین الاقوامی موسمیاتی اہداف حاصل کیے ہیں۔
سعودی عرب 2030 تک سالانہ 278 ملین ٹن تک کاربن کے اخراج میں کمی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ثابت قدمی سے آگے بڑھ رہا ہے۔