شادی سے قبل طبی معائنے میں ڈرگ ٹیسٹ شامل کیا جائے: ارکان مجلس شوری کی تجویز
ارکان شوری نے قانون کی دفعہ 33 میں ترمیم تجویز کی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ارکان شوری نے شادی سے قبل طبی معائنے میں ڈرگ ٹیسٹ کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ارکان شوری شہزادی ڈاکٹر الجوھرہ بنت فھد آل سعود، ڈاکٹر ایمان الجبرین، ڈاکٹر عبد الرحمان الراجحی، ڈاکٹرمحمد الجربا، محمد المزید اور ڈاکٹر ھادی الیامی نے قانون شوری کی دفعہ 23 کے تحت توثیق کے قانون کی دفعہ 33 میں ترمیم تجویز کی۔ ارکان شوری نے اس پر بحث کی۔
ڈاکٹرمحمد الجربا نے زور دیا کہ’ شادی سے قبل طبی معائنے میں نشہ آور اشیا کے استعمال سے پاک ہونے کا پتہ لگایا جانا ضروری ہے۔ اسے بھی ٹیسٹ ک حصہ بنایا جائے۔‘
انہوں نے اپنی تجویز کے حق میں قانونی اور سماجی دلائل پیش کیے اور کہا کہ’ نشہ آور اشیا کے استعمال سے طلاق کی شرح بڑھ رہی ہے اور خاندانوں کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔‘
’مجلس شوری کی ذمہ داری ہے کہ وہ سماج کی ضروریات پر نظر رکھے اور معاشرے کو نشے جیسی خطرناک آفت سے بچانے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’اس معاملے کو شادی ٹیسٹ میں شامل کرنا ریاست کی انسداد منشیات سٹرٹیجک کے بھی عین مطابق ہے۔‘
انہو ں نے خیال ظاہر کیا کہ’اس سے نوجوانوں میں آگہی پیدا ہوگی اور یہ اقدام نوجوانوں کو ہر طرح کی منشیات سے دور رکھنے میں معاون بنے گا۔‘
یاد رہے کہ توثیق کے قانون کی دفعہ 33 میں نکاح خواں پر یہ پابندی ہے کہ وہ پہلے نکاح کی شرائط اور بنیادی امور کے بارے میں اطمینان حاصل کرے۔
دولہا اور دلہن میں رشتہ زوجیت کے حوالے سے رکاوٹیں دور ہونے کی تصدیق کرے اور شرعی سرپرست کی موجودگی میں نکاح کی کارروائی کرے۔