داخلی عازمین حج کےلیے خدمات کا معیار بڑھانے کے لیے مجلس شوری کی تجاویز
حج خدمات فراہم کرنے والوں کی نگرانی کا یکساں طریقہ کارتیار کیا جائے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی مجلس شوری نے داخلی حج کمپنیوں کو بڑی کمپنیاں بنانے پر آمادہ کرنے کے لیے ترغیبات دینے پرزور دیا ہے۔
عاجل ویب کے مطابق مجلس شوری کا اجلاس منگل کو صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں متعدد فیصلے کیے گئے۔
مجلس شوری نے وزارت حج و عمرہ سے کہا کہ ’ داخلی حج کمپنیوں کو بڑی کمپنیاں تشکیل دینے پر آمادہ کرنے کے لیے ترغیبات دی جائیں تاکہ سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کےلیے حج خدمات کا معیار بڑھے اور کمپنیوں کے درمیان مسابقت کا ماحول پیدا ہو۔
شوری نے وزارت حج و عمرہ سے یہ بھی کہا کہ’ متعلقہ اداروں کے تعاون سے مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) میں حج خدمات فراہم کرنے والوں کی نگرانی کا یکساں طریقہ کارتیار کیا جائے‘۔
مجلس شوری نے محکمہ سیاحت سے کہا کہ ’وہ کنٹریکٹ کے حوالے سے رائج طریقہ کار پر نظرثانی کرے اور مسابقت کے عمل کو زیادہ شفاف بنائے‘۔
مختلف قسم کے ویزوں کا مجوزہ طریقہ کار جلد منظور کیے جانے پر بھی زور دیا گیا۔
شوری کا کہنا تھا کہ’ سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں کو انٹرنیشنل کریڈٹ کارڈز سے ادائیگی کی سہولت دینے کے لیے متعلقہ اداروں سے تعاون کیا جائے‘۔