’آمد پر ہی اتنا پیار مِل رہا ہے،‘ پاکستانی لڑکی شادی کرنے انڈیا پہنچ گئی
منگل 5 دسمبر 2023 15:26
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دونوں کی شادی اگلے سال جنوری کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔ (فوٹو: نیڈرک نیوز/ایکس)
کراچی سے تعلق رکھنے والی جویریہ خانم اپنے انڈین منگیتر سے شادی کرنے کے لیے انڈیا کے شہر کلکتہ پہنچ گئی ہیں۔
’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق جویریہ خانم منگل کو لاہور کے واہگہ بارڈر کے ذریعے انڈیا میں داخل ہوئیں جہاں اُن کے منگیتر سمیر خان اور اہلخانہ نے ڈھول بجا کر اُن کا استقبال کیا۔
دونوں کی شادی اگلے سال جنوری کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔
اس سے قبل جویریہ نے دو مرتبہ انڈیا جانے کی کوشش کی تھی لیکن کورونا وائرس کے باعث لگنے والی پابندیوں کے سبب اُن کی ویزہ کی درخواست مسترد ہوگئی تھی۔
انڈیا میں داخل ہونے کے بعد پاکستانی خاتون کا صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’مجھے 45 دن کا ویزہ دیا گیا ہے اور مجھے یہاں آ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ صرف میری آمد پر ہی مجھے اتنا پیار مِل رہا ہے۔‘
انہوں نے تصدیق کی کہ اُن کی سمیر کے ساتھ شادی اگلے سال جنوری کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔
ماضی میں دو بار مسلسل ویزہ درخواستیں مسترد ہونے پر اُن کا کہنا تھا کہ ’امید ہے میرے لیے یہ ایک نئی زندگی کی اچھی شروعات ثابت ہوگی۔ میرے گھر (پاکستان میں) سب بہت خوش ہیں اور مجھے یقین نہیں آ رہا کہ مجھے پانچ سال بعد انڈیا کا ویزہ مِل گیا ہے۔‘
اپنی شادی کے حوالے سے سمیر خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جویریہ کی تصویر پہلی مرتبہ اپنی والدہ کے فون میں دیکھی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ سب مئی 2018 میں شروع ہوا تھا جب میں جرمنی میں زیرِ تعلیم تھا تب ہی میں نے جویریہ کی تصویر اپنی والدہ کے فون میں دیکھی اور اُن میں دلچسپی ظاہر کی۔ میں نے اپنی والدہ کو بتایا کہ میں جویریہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔‘
سمیر خان کا کہنا تھا کہ ’میری والدہ بہت خوش ہیں کہ ہم جنوری میں شادی کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اُن کی شادی میں شرکت کے لیے اُن کے دوست جرمنی، سپین، امریکہ اور دیگر ممالک سے انڈیا پہنچیں گے۔‘