Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاتھوں سے گیند کا دفاع کرنے پر مشفیق الرحیم آؤٹ

مشفیق الرحیم نے گیند کو اپنے ہاتھ سے دوسری جانب دھکیل دیا۔ (فوٹو: ای ایس پی این)
بنگلہ دیش کے سابق کپتان اور بیٹر مشفیق الرحیم ڈھاکہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بیٹنگ کرتے ہوئے ہاتھوں سے گیند کا دفاع کرنے پر آؤٹ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مشفیق الرحیم نے گیند کا دفاع کرنے کے بعد اسے اپنے ہاتھوں سے دور دھکیل دیا، جس کے بعد وہ بنگلہ دیش کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہیں گیند کو ہاتھ سے روکنے پر آؤٹ قرار دیا گیا۔
مشفیق الرحیم نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے 41ویں اوور میں کائل جیمیسن کی گیند کا دفاع کیا، جیسے ہی انہیں احساس ہوا کہ گیند کریز کے قریب اچھل کر سٹمپ پر جا سکتی ہے، انہوں نے اسے اپنے ہاتھ سے دوسری جانب دھکیل دیا۔
مشفیق الرحیم کا ایسا کرنا ہی تھا کہ نیوزی لینڈ کے فیلڈرز نے فوری طور پر فیلڈ میں رکاوٹ ڈالنے کی اپیل کر دی۔ نیوزی لینڈ کی اپیل پر آن فیلڈ امپائرز اکٹھے ہوئے اور معاملے پر تھرڈ امپائر کی مدد لی، جو ری پلے چیک کرنے کے بعد مطمئن ہو گئے کہ مشفیق الرحیم نے گیند کو ہاتھ سے روکنے کی کوشش کی اور رحیم کو آؤٹ قرار دے دیا گیا۔
مشفیق الرحیم ٹیسٹ میچز میں گیند کا ہاتھ سے دفاع کرتے ہوئے آؤٹ ہونے والے آٹھویں اور مینز کرکٹ میں مجموعی طور پر 11ویں بیٹر ہیں۔
واضح رہے گیند کو ہاتھ سے ’ہینڈل‘ کرنا کرکٹ میں آؤٹ ہونے کے 11 طریقوں میں سے ایک ہے، لیکن اسے 2017 میں کرکٹ کے قوانین کی ترامیم کے دوران میدان میں رکاوٹ ڈالنے کے قانون میں ضم کر دیا گیا تھا۔

شیئر: