Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ کی فاتح آسٹریلوی ٹیم کو کروڑوں روپے ملنے کی امید

آئی پی ایل کی بولی 19 دسمبر کو دبئی میں لگے گی (فوٹو: بی سی سی آئی)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے اگلے برس ہونے والے ایڈیشن کے لیے حال ہی میں ورلڈ چیمپیئن بننے والی آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بولی میں کروڑوں روپے ملنے کی امید ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے سات کھلاڑیوں نے آئی پی ایل 2024 کی بولی کے لیے اپنے نام درج کروائے ہیں جن کا شمار اُن 25 کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی بیس پرائس دو کروڑ انڈین روپے رکھی ہے۔
ان 25 کھلاڑیوں میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز سمیت ٹریوس ہیڈ، مچل سٹارک، جوش ہیزل وُڈ، سٹیو سمتھ، جوش انگلس اور شاون ایبٹ شامل ہیں۔
دو کروڑ روپے کی بیس پرائس والے کھلاڑیوں میں شامل باقی اہم کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے بولر جیرالڈ کوئٹزیا، انگلینڈ کے ہیری بروک جبکہ انڈیا کے ہرشل پٹیل، شاردُل ٹھاکر، امیش یادو اور کیدر جادھو شامل ہیں۔
آئی پی ایل کی بولی میں جن کھلاڑیوں نے اپنی بیس پرائس ڈیڑھ کروڑ رکھی ہے، اُن میں افغانستان کے محمد نبی، سری لنکا کے وانندُو ہاسارنگا، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر، نیوزی لینڈ کے جمی نیشم اور انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان شامل ہیں۔
دوسری جانب ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کیوی اوپنر رَچن رویندرا بھی 50 لاکھ انڈین روپے کی بیس پرائس کے ساتھ بولی میں شامل ہو گئے ہیں۔
آئی پی ایل کے اگلے برس کے سیزن کی بولی کے لیے اب تک 1166 کھلاڑیوں نے اپنے آپ کو رجسٹرڈ کیا ہے۔
خیال رہے آئی پی ایل کی بولی 19 دسمبر کو دبئی میں لگے گی۔
یہ لیگ کی تاریخ کی پہلی بولی ہو گی جو انڈیا سے باہر لگے گی جس میں 10 فرنچائزز 77 خالی سلوٹس پر کھلاڑی خریدیں گی۔

شیئر: