Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈھاکا ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کی 4 وکٹوں سے جیت، دو میچوں کی سیریز برابر

دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر رہی (فوٹو: بنگلہ دیش کرکٹ)
بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے چار وکٹوں سے فتح حاصل کر لی جس کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں ملنے والے 137 رنز کے ہدف کو 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں گلین فلپس نے 40، مچل سینٹنر نے 35 اور ٹام لیتھم نے 26 رنز سکور کیے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے مہدی حسن میراز نے تین، تیجل اسلام نے دو اور شوریفُل اسلام نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 144 بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں ذاکر حسن 59 اور کپتان نجم الحسین شانتو 15 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کیویز کی جانب سے اعجاز پٹیل نے 6 اور مچل سینٹنر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
شیر بنگلہ سٹیڈیم میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے اس میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد پوری میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
 
بنگلہ دیش کی جانب سے پہلی اننگز میں مشفیق الرحیم نے 35، شہادت حسین نے 31 اور مہدی حسن میراز نے 20 رنز بنائے تھے جبکہ کیویز کی جانب سے گلین فلپس اور مچل سینٹنر نے تین، تین جبکہ اعجاز پٹیل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
اس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں گلین فلپس کی 87 رنز کی عمدہ اننگز کے باعث 180 رنز بنائے تھے۔
بنگلہ دیش کی جانب مہدی حسن میراز اور تیجل اسلام نے تین، تین جبکہ نعیم حسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر گلین فلپس کو پلیئر آف دی میچ جبکہ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر تیجل اسلام کو پلیئر آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
خیال رہے اس سے قبل سلہٹ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو 150 رنز سے ہرا دیا تھا۔

شیئر: