Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شین واٹسن پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ مقرر

شین واٹسن 2019 میں پی ایس ایل جیتنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا بحیثیت کھلاڑی حصہ تھے۔ (فائل فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا)
پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شین واٹسن کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
بدھ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ ٹیم مینجمنٹ نے سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر اور پی ایس ایل ٹیم کی جانب سے ماضی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے شین واٹسن کو ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
شین واٹسن 2019 میں پی ایس ایل جیتنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا بحیثیت کھلاڑی حصہ تھے۔ انہوں نے اس سیزن میں 143.81 کے سٹرائک ریٹ سے 430 رنز بنائے تھے اور ’پلیئر آف دا ٹورنامنٹ‘ قرار پائے تھے۔
اس سے قبل گذشتہ آٹھ برسوں سے سابق پاکستانی کرکٹر معین خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ کی حیثیت سے کام کر رہے تھے لیکن اس بار فرنچائز نے انہیں ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔
بیالیس برس کے شین واٹسن نے 2020 میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور 2022 میں انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم دہلی کیپیٹلز کے اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داریاں بھی نبھائی تھیں۔
شین واٹسن نے آسٹریلیا کی جانب سے 190 انٹرنیشنل ون ڈے میچز کھیل کر 40.54 کی اوسط سے 5 ہزار 757 رنز بنائے تھے جبکہ بحیثیت بولر انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر میں 168 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔
وہ 2007 اور 2015 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ ٹی20 کرکٹ میں بھی شین واٹسن ایک کامیاب کھلاڑی ثابت ہوئے اور انہوں نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 145.32 کے سٹرائک ریٹ سے 1 ہزار 462 رنز بنائے۔
شین واٹسن نے اپنے انٹرنیشنل ٹی20 کیریئر میں 48 وکٹیں بھی حاصل کیں اور وہ 2012 میں سری لنکا میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ میں 249 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔

شیئر: