سعودی عرب میں رواں سال سیاحوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ، جی 20 میں سرفہرست
سعودی عرب میں سیاحت کا شعبہ 150 فیصد معمول پر آگیا ہے ( فوٹو: الاقتصادیہ)
عالمی تنظیم سیاحت پیرومیٹر نے نومبر 2023 کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافے کی شرح کے حوالے سے سعودی عرب جی 20 میں سرفہرست اور دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی عرب نے 2019 میں ابتدائی تین سہ ماہیوں کے مقابلے میں سالِ رواں کی ابتدائی تین سہ ماہیوں کے دوران غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں 50 فیصد شرح نمو حاصل کی۔
سعودی وزارت سیاحت نے آفیشنل ایکس اکاونٹ پر بیان میں کہا کہ سعودی عرب میں کرورنا وبا سے پہلے کے مقابلے میں سیاحت کا شعبہ 150 فیصد معمول پر آگیا ہے جبکہ عالمی سیاحت اس حوالے سے 87 فیصد تک معمول پر آئی ہے۔
مملکت میں سیاحوں کی تعداد30 ملین سے زیادہ ہوگئی جو سیاحتی شعبے کےلیے مقرر ہدف کا چالیس فیصد ہے۔
یا د رہے کہ سعودی عرب آج دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی منزل ہے جس میں سال بھر دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی میزبانی کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
سعودی وژن 2030 کا مقصد اس دہائی کے آخر تک 100 ملین زائرین کو سعودی عرب آنے کے لیے راغب کرنا ہے۔