جی سی سی نے مشترکہ سیاحتی ویزے کی منظوری دے دی: احمد الخطیب
سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع نکلیں گے ( فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ ’خلیجی تعاون کونسل ممالک نے مشترکہ سیاحتی ویزے کی منظوری دے دی ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق احمد الخطیب نے کہا کہ’ مشترکہ سیاحتی ویزے سے عالمی سطح پر منفرد ٹورسٹ فرنٹ کی حیثیت سے خلیجی ممالک کی پوزیشن مضبوط ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مشترکہ ویزے سے خلیجی ممالک کے درمیان رابطے موثر انداز میں آگے بڑھیں گے‘۔
سعودی وزیر سیاحت نے کہا ’مشترکہ سیاحتی خلیجی ویزے سے جی سی سی ممالک کے درمیان سیاحوں اور مقیم غیرملکیوں کو سیاحت کے لیے آمد رفت میں سہولت ہوگی‘۔
’مشترکہ سیاحتی ویزا سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا اوراس سے شرح نمو بڑھے گی‘۔
احمد الخطیب کا کہنا تھا کہ ’وزارت کی خواہش ہے خلیجی ممالک میں سیاحت کی وزارتوں کے درمیان تعاون مزید بڑھے تاکہ علاقے میں معیشت اور سیاحت کو فروغ حاصل ہو سکے‘۔