Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیوروکریسی کے ذریعے انتخابات کروانے کا الیکشن کمیشن کا نوٹفیکیشن معطل

پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے آر اوز کی تعیناتی کو چلینج کر رکھا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کے اس نوٹفیکیشن کو معطل کر دیا ہے جس میں عام انتخابات 2024 کے لیے بیوروکریٹس کو ریٹرننگ آفیسر متعین کیا گیا تھا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے رات گئے محفوظ کیا گیا فیصلہ تحریری طور پر جاری کیا۔
پانچ صفحات پر مبنی اس فیصلے میں لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ درخواست گزار کی جماعت (تحریک انصاف ) کو لیول پلینگ فیلڈ دستیاب نہیں ہے۔ ’یہ بات سب کو عیاں ہے اور غیر جانبدار حلقے بھی اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں۔‘
’(تحریک انصاف) کی ٹاپ لیڈر شپ یا تو جیلوں میں ہے یا انڈر گراونڈ چلی گئی ہے۔ اس جماعت کا پوری طرح الیکشن میں حصہ لینا ایک سوال نشان ہے۔‘
اپنے فیصلے میں لاہور ہائی کورٹ نے لکھا ہے کہ بظاہر درخواست گزار کی یہ منطق درست ہے کہ الیکشن کمیشن نے ان انتظامی افسران کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ، ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران متعین کیا ہے جو اس وقت بھی ملک بھر میں انتظامی معاملات کو سنبھالے ہوئے ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی جماعت کو اس انتظامیہ پر پہلے ہی بھروسہ نہیں ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں انتخابات کے انعقاد پر قومی خزانے پر اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔
’اگر سیاسی جماعتیں ایسے عمل کو تسلیم ہی نہ کریں تو یہ وقت اور پیسے کا ضیاع ہو گا۔ یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ہی طرح کے مواقع فراہم کرے۔‘
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ان تمام معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور اس کیس کے قانونی اور تکنیکی پہلووں کی بدولت اس کیس کی فائل واپس چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بجھوایا جا رہا ہے تاکہ وہ اس پر ایک لارجر بینچ تشکیل دیں۔
اس کیس کے حتمی فیصلے تک الیکشن کمیشن کی جانب سے انتظامی افسران کو آر اوز لگائے جانے کے تمام نوٹفیکیشن معطل رہیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے آر اوز کی تعیناتی کو چلینج کر رکھا تھا۔

فیصلے کے مطابق کیس کے حتمی فیصلے تک الیکشن کمیشن کی جانب سے انتظامی افسران کو آر اوز لگائے جانے کے تمام نوٹفیکیشن معطل رہیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

بدھ کے روز عدالت نے الیکشن کمیشن اور درخواست گزار کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ جو بدھ اور جمعرات کی درمیان رات جاری کیا گیا۔
پیر کو الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا تھا۔ نوٹفکیشن میں کہا گیا تھا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’عام انتخابات 2024 کے لیے 13 دسمبر سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی جامع تربیت کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ٹریننگ کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ کمیشن کے اپنے افسران تمام ریٹرننگ افسران کو الیکشن کے امور کی تربیت فراہم کریں گے۔‘

شیئر: