سلطان آف عمان کا دورہ انڈیا، آزاد تجارتی معاہدے میں پیش رفت
سلطان آف عمان کا دورہ انڈیا، آزاد تجارتی معاہدے میں پیش رفت
ہفتہ 16 دسمبر 2023 21:35
نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’ہماری قربت جغرافیائی حد تک محدود نہیں بلکہ ہزاروں سال پر محیط ہے‘ (فوٹو: اے این آئی)
عمان کے حکمران سلطان ہیثم بن طارق جمعہ سے اپنی کابینہ کے سات وزرا کے ہمراہ تین روزہ دورہ پر نئی دہلی میں موجود ہیں، 25 سال سے زائد عرصے میں کسی عمانی حکمران کا انڈیا کا یہ پہلا دورہ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے سنیچر کو سلطان آف عمان کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں ممالک میں آزاد تجارتی معاہدے پر عمل پیرا ہونے کے لیے بات چیت کی۔
سلطان آف عمان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ ہماری قربت جغرافیائی حد تک محدود نہیں، یہ ہزاروں سال کی تجارت، ثقافت اور مشترکہ ترجیحات میں بھی جھلکتی ہے۔
بحیرہ عرب کے ایک سرے پر انڈیا اور دوسرے سرے پر عمان واقع ہے اور دونوں ممالک کے درمیان صدیوں سے گہری دوستی کا رشتہ قائم ہے۔
انڈین وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایک نیا انڈیا عمان مشترکہ وژن: ’مستقبل کی شراکت داری‘ اپنا رہے ہیں اور اس وژن میں 10 شعبوں پر مشترکہ طور پر ٹھوس منصوبوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔
انڈیا عمان مشترکہ وژن کا منصوبہ 2018 میں نریندر مودی کے دورہ عمان کے موقع پر سامنے آیا تھا۔
مشترکہ وژن کے تحت میری ٹائم سیکٹر، کنیکٹیویٹی، انرجی سیکیورٹی، گرین انرجی - خاص طور پر گرین ہائیڈروجن، سپیس، ڈیجیٹل ادائیگیوں، صحت سیاحت، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، زراعت اور فوڈ سیکیورٹی میں شراکت داری کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
عمانی وفد نے سنیچر کو ہونے والی ملاقات کے دوران انڈین حکام کے ساتھ مل کر آزاد تجارتی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا ہے جیسا کہ گذشتہ سال متحدہ عرب امارات کے ساتھ کیا گیا۔
وزیراعظم مودی نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ (سی ای پی اے) پر دونوں جانب سے بات چیت جاری ہے جس کے دو دور کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں اور کئی اہم امور پر اتفاق کیا گیا ہے۔
امید ہے ہم جلد ہی اس معاہدے پر دستخط کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے جو ہمارے اقتصادی تعاون میں ایک نئے باب کا اضافہ ثابت ہو گا۔
ہند کے خارجہ سیکرٹری ونے موہن کواترا نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حال ہی میں شروع ہونے والے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ (سی ای پی اے) پر بات چیت میں کافی پیش رفت آئی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے زور دیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اسٹریٹجک شراکت داری نئی منزلوں کا تعین کرے گی۔