انڈیا: دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکے سے 9 ملازم ہلاک
اتوار 17 دسمبر 2023 15:40
پولیس فیکٹری کے پیکنگ ایریا میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے۔ (فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا)
ایک انڈین پولیس افسر کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے وسطی ضلع ناگپور میں دھماکہ خیز مواد بنانے والی ایک فیکٹری میں دھماکے سے کم از کم نو ملازمین ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مقامی پولیس افسر سالوے نے اسے فون پر بتایا کہ دھماکہ اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے آٹھ بجے سولر انڈسٹریز انڈیا کی فیکٹری میں ہوا۔
سولر انڈسٹریز کی ویب سائٹ کے مطابق یہ فیکٹری صنعتی اور فوجی دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ساتھ انڈیا کے دفاعی شعبے کے لیے پروپیلنٹ اور وار ہیڈز تیار کرتی ہے۔
پولیس افسر سالوے کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ سکتی ہے۔
سالوے اس ٹیم کا حصہ تھے جو دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پہنچی تھی۔
پولیس فیکٹری کے پیکنگ ایریا میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے۔
روئٹرز نے کمپنی سے ان کا موقف جاننے کے لیے اس کی ویب سائٹ پر درج نمبر پر رابطہ کرنے کی کوشش کی، اس کے علاوہ ای میل بھی کی گئی لیکن فوری طور پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔