Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں امداد کی ترسیل کے لیے ’کیرم شالوم‘ کراسنگ کھول دی گئی

امدادی گروپوں نے براہ راست ترسیل کے لیے یہ کراسنگ کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔ فوٹو روئٹرز
اسرائیل اور غزہ کے درمیان کیرم شالوم کراسنگ جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار امدادی ٹرکوں کے داخلے کے لیے اتوار کو کھولی گئی ہے۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ اس اقدام کا مقصد جنگ زدہ علاقے تک پہنچنے والی خوراک اور ادویات کی مقدار کو دگنا کرنا ہے۔
اسرائیل سے غزہ میں داخل ہونے والی یہ کراسنگ چیک پوسٹ سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد بند کر دی گئی تھی۔
کیرم شالوم کراسنگ بند کیے جانے کے بعد غزہ کے لیے امدادی سامان صرف مصرسے رفح کراسنگ کے ذریعے پہنچایا جا رہا تھا۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رفح کراسنگ کے راستے روزانہ صرف 100 ٹرک داخل ہو سکتے ہیں۔
مصر کی ہلال احمر تنظیم کے دو ذرائع نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ اتوار کو  غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے 79 ٹرک کیرم شالوم کراسنگ کے ذریعے داخل ہوئے ہیں۔
رفح کراسنگ سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر کیرم شالوم کراسنگ مصر کی سرحد سے قریب تر اسرائیل اور غزہ کی سرحد سے سامان کی ترسیل کے لیے اہم ٹرانزٹ پوائنٹ ہے۔

اسرائیل نے کیرم شالوم میں ٹرکوں کی جانچ پر رضامندی ظاہر کی تھی

اسرائیل حکام نے گزشتہ ہفتے غزہ کے لیے اس راستے سے امدادی سامان داخل کرنے کی منظوری دی تھی۔
اقوام متحدہ کے امدادی ٹرکوں کی حفاظتی جانچ پڑتال کے بعد امریکہ کے ساتھ فلسطینی علاقوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاہدے کی پاسداری کے لیے امداد 17 دسمبر کو براہ راست غزہ منتقل کی جائے گی۔
ایک اسرائیلی اہلکار نے سوال کے جواب میں بتایا ہے کہ امداد غزہ تک پہنچ گئی ہے۔

محصور علاقے میں انسانی صورتحال انتہائی حد تک بگڑ گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

قبل ازیں اسرائیل نے کیرم شالوم میں ٹرکوں کا معائنہ کرنے کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی لیکن ٹرکوں کو رفح کراسنگ پر واپس جانے اور مصر سے غزہ میں داخل ہونے کے لیے پابند کیا گیا تھا۔
دوسری جانب امدادی گروپوں نے یہ سامان براہ راست کیرم شالوم کراسنگ سے داخلے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
غزہ میں اسرائیل کی جنگی حکمت عملی میں تیزی آنے سے محصور علاقے میں انسانی صورتحال انتہائی حد تک بگڑ گئی ہے۔
اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی جانب سے خوراک، صاف پانی اور ادویات کی شدید قلت کا انتباہ دیا ہے۔

شیئر: