’مریم نواز سے ملاقات کراؤ‘، ملتان میں موبائل ٹاور پر چڑھے نوجوان کا مطالبہ
بدھ 20 دسمبر 2023 10:52
ادیب یوسفزئی -اردو نیوز
ریسکیو حکام نے بتایا کہ نوجوان کو نیچے اترنے کے لیے راضی کیا جا رہا ہے لیکن وہ اپنے مطالبے پر بضد ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں الیکشن کی گہما گہمی بڑھتی جا رہی ہے، ایک طرف اگر سیاسی جماعتیں عام انتخابات کے لیے صف بندیاں کر رہی ہیں تو دوسری طرف سیاسی جماعتوں کے کارکنان بھی متحرک ہو رہے ہیں۔
اسی دوران صوبہ پنجاب کے ملتان ڈویژن میں ایک سیاسی کارکن نے پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے ملاقات کے لیے انوکھا انداز اپنایا۔ مقامی رہائشی منیر حسین نے اُردو نیوز کو بتایا کہ جب وہ صبح ریلوے روڈ سے گزر رہے تھے تو ایک نوجوان اپنے ہاتھوں میں صوبائی اسمبلی کے مقامی امیدوار کا پوسٹر ہاتھوں میں تھامے ٹاور پر چڑھ رہا تھا۔
منیر حسین کے مطابق ’وہاں لوگ بھی جمع ہو رہے تھے لیکن پہلے ہمیں لگا کہ وہ پوسٹر چسپاں کر رہا ہے اس لیے لوگ گزرتے رہے لیکن پھر نوجوان نے نعرے لگانا شروع کر دیے۔‘
ریسکیو 1122 نے اُردو نیوز کو بتایا کہ دس بجے کے قریب اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں پہنچا دی گئی ہیں۔ ’یہ ریلوے روڈ پر ایک نجی موبائل کمپنی کا ٹاور ہے جہاں نوجوان پچھلے دو گھنٹوں سے ٹاور پر پوسٹر تھامے موجود ہے۔ ہماری ٹیمیں نوجوان کو اُتارنے کی کوشش کر رہی ہیں۔‘
ریلوے روڈ صبح کے وقت مصروف ہوتا ہے اس لیے کچھ ہی دیر میں بھیڑ جمع ہو گئی ہے۔ کئی لوگ نوجوان کی ویڈیوز بھی بنا رہے ہیں۔
ریسکیو ملتان کے مطابق ’نوجوان مسلسل مطالبہ کر رہا ہے کہ اُس کی مریم نواز سے ملاقات کروائی جائے اور اگر ملاقات نہیں ہو سکتی تو مریم نواز سے فون پر بات کروا دیں۔‘
ریسکیو حکام نے بتایا کہ نوجوان کو نیچے اترنے کے لیے راضی کیا جا رہا ہے لیکن وہ اپنے مطالبے پر بضد ہے۔
مقامی رہائشی منیر حسین نے بتایا کہ نوجوان صرف مریم نواز سے ملاقات کا مطالبہ نہیں کر رہا۔ ’اُس نے جس مقامی امیدوار کا پوسٹر پکڑا ہوا ہے وہ مطالبہ کر رہا ہے کہ اُس کی اُن سے بھی ملاقات کروائی جائے تو وہ فوراً نیچے آجائے گا بصورت دیگر وہ چھلانگ لگا دے گا۔‘
ریسکیو حکام کے مطابق ٹاور کی اونچائی زیادہ ہے اور نیچے کودنے کے نتیجے میں نوجوان کو زیادہ نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔‘
اِس وقت ریلوے روڈ ملتان پر ٹاور کے قریب موجود کئی شہری بھی نوجوان کو نیچے آنے کے لیے راضی کر رہے ہیں لیکن نوجوان کسی کو جواب نہیں دے رہا۔
ایک شخص نے نیچے سے آواز دے کر پوچھا کہ ’کیا چاہتے ہو؟‘ تو ٹاور پر چڑھے نوجوان نے جواب دیا ’مریم نواز کو بلاؤ۔‘
ریسکیو ملتان کے مطابق ’ہم اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ نوجوان کے محفوظ نیچے اُتار دیں۔ ہماری ٹیمیں مختلف طریقوں سے نوجوان تک پہنچنے کی بھی کوششیں کر رہی ہیں۔‘