اسرائیلی فوج کے فلسطینیوں کو بے دریغ مارنے کی رپورٹس، ’خطرے کی گھنٹی‘
جمعرات 21 دسمبر 2023 15:05
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے مطابق ’نہتے مردوں کو ان کے خاندان کے افراد کے سامنے مارا گیا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسے اسرائیلی فوجیوں کے غزہ میں کم از کم 11 نہتے فلسطینیوں کو ’بےدریغ‘ ہلاک کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں دفتر نے کہا کہ مبینہ طور پر یہ ہلاکتیں رواں ہفتے غزہ شہر کے رمل محلے میں ہوئیں۔
اقوان متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسے ’تشویشناک معلومات موصول ہوئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز (اسرائیلی فوج) نے کم از کم 11 نہتے فلسطینیوں کو بے دریغ ہلاک کیا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’یہ واقعہ ممکنہ جنگی جرم کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی ہے۔ ان نہتے مردوں کو ان کے خاندان کے افراد کے سامنے مارا گیا۔‘
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں نے خواتین اور بچوں کو ایک کمرے میں جانے کا بھی حکم دیا اور یا تو ان پر گولی چلائی یا کمرے میں دستی بم پھینکا جس سے مبینہ طور پر کچھ شدید زخمی ہوئے جن میں ایک شیرخوار اور ایک بچہ بھی شامل تھا۔
اسرائیلی حکام نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
بیان کے مطابق اسرائیلی فوجیوں پر پہلے بھی شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے اور قتل کرنے کا الزام لگایا جاتا رہا ہے۔
اسرائیل نے جنوبی غزہ کے مرکزی شہر خان یونس سے مزید انخلا کا حکم دیا ہے، جبکہ سفارت کاروں نے جنگ کو روکنے کے لیے کوششوں پر زور دیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حماس کا کہنا ہے کہ جنگ میں 20 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور مرنے والوں میں آٹھ ہزار بچے جبکہ چھ ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے بدھ کو خان یونس سے انخلا کے احکامات جاری کیے تھے جہاں ایک لاکھ 40 ہزار سے زیادہ بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔
اسرائیل نے تنازع کے آغاز میں شہریوں سے کہا کہ وہ غزہ کے شمال سے نکل جائیں اور جنوب کی طرف جائیں۔ لیکن لوگوں کے لیے پناہ حاصل کرنے کی جگہیں کم ہوتی جارہی ہیں، اور ہلاکتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر بین الاقوامی غم و غصہ بڑھ گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے امدادی سربراہ مارٹن گریفتھس نے اسے ایک ’افسوسناک اور شرمناک سنگ میل‘ قرار دیا۔
حماس حکومت کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی جوابی کارروائی میں اب تک کم از کم 20,000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر بچے یا خواتین شامل ہیں۔