Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ، سپنر نعمان علی سیریز سے باہر

نعمان علی نے گزشتہ روز اچانک پیٹ میں شدید درد کی شکایت کی تھی۔ فوٹو: پاکستان کرکٹ بورڈ
پاکستان ٹیم کے ایک اور بولر آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ سنیچر کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بتایا کہ سپنر نعمان علی کا میلبرن میں اپینڈکس کا آپریشن ہوا ہے۔
آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم فٹنس مسائل سے دوچار ہے اور فاسٹ بولر خرم شہزاد کے بعد سپنر نعمان علی بھی ٹیسٹ سیریز کے بقیہ میچز کھیلنے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق نعمان علی کا میلبرن ہسپتال میں اپینڈکس کا آپریشن کیا گیا۔ نعمان علی نے گزشتہ روز اچانک پیٹ میں شدید درد کی شکایت کی تھی جس کے بعد اُن کا ایمرجنسی میں معائنہ اور سکین کیے گئے۔ سکین میں نعمان علی کو اپینڈکس کی تشخیص ہوئی۔
پی سی بی کے مطابق سرجن کے مشورے پر نعمان علی کی لیپروسکوپک اپینڈیکٹومی کروائی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سرجری کے بعد سپنر بہتر ہیں، اور شام تک انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
قبل ازیں کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر خرم شہزاد انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے باقی دو ٹیسٹ میچوں سے باہر ہو گئے تھے۔
پی سی بی کے مطابق خرم شہزاد کو پسلی میں اور پیٹ میں تکلیف کا سامنا ہے۔
خرم شہزاد نے پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران اپنے بائیں جانب کھچاؤ کی شکایت کی تھی جس کے بعد انہیں ایم آر آئی سکین کے لیے بھیجا گیا تھا۔

شیئر: