کولمبو ٹیسٹ: پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے دی، نعمان علی کی سات وکٹیں
جمعرات 27 جولائی 2023 13:27
نعمان علی اس اننگز میں دس کھلاڑی آؤٹ کر کے پاکستان کے پہلے بولر بن سکتے تھے: فوٹو اے ایف پی
پاکستان نے کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکا کو ایک اننگز اور 222 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز 2-0 سے جیت لی ہے۔
جمعرات کو کھیل کے چوتھے دن سری لنکا کی دوسری اننگز میں پاکستانی سپنر نعمان علی نے تباہ کُن بولنگ کرتے ہوئے سات وکٹیں حاصل کیں۔
نعمان علی نے نشان مدھوشکا، دیمُتھ کرونارتنے، کوشال مینڈس، انجیلو میتھیوز، دنیش چندی مَل، دھننجایا ڈی سِلوا اور سدیرا سمارا وکا راما کو آؤٹ کیا۔
نعمان علی کے علاوہ پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ نے تین سری لنکن کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی طرف سے ڈبل سینچری سکور کرنے والے عبداللہ شفیق کو ’پلیئر آف دا میچ‘ قرار دیا گیا جبکہ آلراؤنڈر آغا سلمان ٹیسٹ سیریز میں 221 رنز بنانے اور تین وکٹیں حاصل کرنے پر ’پلیئر آف دا سیریز‘ قرار پائے۔
سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں غیر معمولی بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر نعمان علی کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی صارفین کا ردِ عمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔
نمرہ شفیق نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’چھ وکٹیں۔ یہ نعمان علی کی دنیا ہے اور ہم اس میں صرف جی رہے ہیں۔‘
زوئے نے نعمان علی کو ٹیم میں کھلانے پر بابر اعظم پر ہونے والی تنقید کے بارے میں لکھا کہ ’پورے کرکٹ ٹوئٹر نے نعمان علی کو کھلانے پر بابر کو بری طرح ٹرول کیا اور اب دیکھیں وہ (نعمان) ہمیں بچا رہے ہیں۔‘
حسن زاہد نے بھی ایسی ہی ٹویٹ میں لکھا کہ ’نعمان علی پر بھروسہ کرنے پر بابر اعظم کو کریڈٹ دینا چاہیے۔ میرے سے شرط لگا لیں کہ کسی بھی اور کپتان میں اس بات کی ہمت نہیں تھی۔‘
پاکستان نے رواں برس دسمبر میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے آسٹریلیا جانا ہے جس پر پہلا میچ 14 دسمبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایمان نے ٹویٹ کی کہ ’نعمان علی، 14 دسمبر 2023 کو ہم سب وہاں ہوں گے۔‘
عبداللہ اورکزئی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’نعمان علی نے ایک مرتبہ پھر آؤٹ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ حاصل کی ہے۔ نفرت کرنے والوں کا کنتی اچھی طرح سے جواب دیا ہے۔‘
نعمان چودھری نے ایک اننگز میں دس وکٹوں کی امید لگاتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ’ہم آ رہے ہیں۔‘