Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن 2024: عمران خان اور مریم نواز کے لاہور سے کاغذاتِ نامزدگی جمع

نواز شریف مانسہرہ اور لاہور سے الیکشن لڑیں گے۔ فوٹو: ٹوئٹر پی ایم ایل ن
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے دو، دو حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور حلقہ این اے 123، قصور کے حلقہ این اے 132، پی پی 158 اور پی پی 164سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔
ملک بھر میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولیوں اورجمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے اور الیکشن کمیشن نے کاغذات جمع کرانے کی مدت میں 24 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔
ن لیگ کے قائد نواز شریف مانسہرہ کے این اے 15 اور لاہور کے این اے 130 سے الیکشن لڑیں گے جبکہ مریم نواز لاہور کے حلقہ این اے 119 اور اسی حلقے سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ کے لیے بھی انتخابات لڑیں گی۔ مریم نواز دو صوبائی حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گی، جبکہ حمزہ شہباز این اے 118 سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان میانوالی، لاہور اور اسلام آباد کے تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔
عمران خان کے وکیل رائے علی اور عمر طالب نے ان کے کاغذات نامزدگی لاہور این اے 122 سے جمع کروا دیے ہیں۔
پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر اور سابق صدر آصف علی زرداری کے لیے این اے 207 نواب شاہ سے انتخابی فارم وصول کیے گئے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 لاڑکانہ کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کیے ہیں۔
گزشتہ تین دنوں میں لاہور میں قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے767 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔
قومی اسمبلی کی نشستوں پر ابھی تک 152 امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں۔
صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 2 ہزار 129 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔
لاہور سے تین روز میں 438 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

شیئر: