الیکشن کمیشن کی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت میں 24 دسمبر تک توسیع
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک ہوگی۔ فوٹو: روئٹرز
الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی سہولت کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کر دی ہے۔
جمعے کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ افسران کو دفتری اوقات میں 24 دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس نئی تاریخ تک سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرست متعلقہ ریٹرننگ افسران کو جمع کرائیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسران کاغذات کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک کریں گے، جبکہ باقی تمام سرگرمیاں جاری کردہ شیڈول کے تحت ہی ہوں گی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ عام انتخابات طے شدہ تاریخ کے مطابق آئندہ سال 8 فروری کو منعقد ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق تین جنوری 2024 کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلیں دائر ہو سکیں گی جبکہ اپیلوں پر فیصلہ کرنے کی آخری تاریخ 10 جنوری ہو گی۔
امیدواروں کی حتمی فہرست11 جنوری کو جاری کی جائے گی، 12 جنوری کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہو گی جبکہ 13 جنوری کو تمام امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے۔
الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی مدت میں دو دن کی توسیع کے بارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم، جے یوآئی نے توسیع کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا انتخابی نشان بیٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔
سعید گل کے مطابق اب تک خواتین کی نشستوں پر قومی اسمبلی کے لیے 63 کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا چکے ہیں، پنجاب اسمبلی کی خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کے لیے 258 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں، اور پنجاب اسمبلی میں اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں کے لیے 71 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔