غزہ کی امداد، سعودی عرب کا سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم
سعودی عرب کی وزرات خارجہ کا کہنا ہے کہ مملکت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2720 کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اُمید ظاہر کی ہے کہ ’یہ قرارداد حماس کے ساتھ اسرائیل کی جنگ کے دوران غزہ میں فوجی کارروائیوں کو مکمل طور پر روکنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے درست سمت میں ایک قدم ثابت ہو گی۔‘
قرارداد میں انسانی امداد کی فوری، وسیع، محفوظ اور بلا روک ٹوک ترسیل کی اجازت دینے اور غزہ میں پائیدار جنگ بندی کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ نے بین الاقوامی برادری سے سعودی عرب کے مطالبے کا دہراتے ہوئے کہا کہ ’ذمہ داری قبول کی جائے اور اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے نہتے فلساطینیوں کو قتل، جبری طور پر بے گھر کرنے سمیت بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی خلاف ورزیاں ختم کی جائیں۔‘
سنیچر کو غزہ میں صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیل نے اپنی جارحیت میں اضافہ کرتے ہوئے 20 ہزار فلسطینیوں کو ہلاک جبکہ ہزاروں افراد کو گھر چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔